وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ تاجر برادری کی تجویز پر بھارت کے ساتھ تجارت کی بحالی کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

”عید ملن پارٹی“ میں نامہ نگاروں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو باوقار انداز میں تنہائی اور ”بھیک مانگنے“ کی صورت حال سے نکالنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا گیا ہے، ہمارے پاس معدنیات اور دیگر قدرتی وسائل کے بے پناہ وسائل ہیں جنہیں ہموار کرنے کی ضرورت کے ساتھ ہمیں سیاسی استحکام کی بھی ضرورت ہے۔ لہذا ہم نے اس پر توجہ مرکوز کی ہے اور وزیر اعظم بھی اپنی سطح پر بہترین کام کر رہے ہیں، ہم پاکستان کو تنہائی، معاشی (بحران) سے نکالنے اور کشکول توڑنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کوششیں بھی جاری ہیں کہ پاکستان سب کے ساتھ تجارت کرنے کے قابل ہو، ملک میں باوقار طریقے سے سرمایہ کاری آرہی ہے۔

بھارت کے ساتھ تجارت کی بحالی پر کسی پیش رفت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ بنیادی طور پر تاجر برادری کی تجویز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں کاروباری برادری کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ دو طرفہ تجارت کی بحالی کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ تمام فریقین کے ساتھ مشاورت کے بعد اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دو روزہ کامیاب دورہ مکمل کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی مملکت پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے جس کے مثبت معاشی نتائج برآمد ہوں گے۔ وزیر خارجہ نے یہ بھی اعلان کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور وہ 28 سے 29 اپریل تک ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا ریاض میں وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جس میں سعودی وفد کے دورہ اسلام آباد میں ہونے والی مشاورت کو آگے بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔ ولی عہد کے متوقع دورہ پاکستان کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد کو دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کر لی ہے اور ان کے دورے کی تاریخوں کو سفارتی ذرائع سے حتمی شکل دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم 4 سے 5 مئی تک زیمبیا میں ہونے والے او آئی سی سربراہی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے جس سے قبل 2 سے 3 مئی کو او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 22 اپریل کو پاکستان کا دورہ کرنے والے ہیں، پاکستان ایرانی رہنما کا خیر مقدم کرتا ہے۔

ایران اسرائیل تنازع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی اپنے موقف کی وضاحت کر چکا ہے کہ دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قوانین کے خلاف تھا اور ایران کا یہ اقدام اس حملے کا بدلہ تھا۔

ملک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو بلاک کرنے کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں ڈار نے کہا کہ جو ممالک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش کے خلاف بول رہے ہیں انہوں نے بھی اپنے ممالک میں کچھ ایپلی کیشنز پر پابندی لگا دی ہے، لہذا ہم اپنے قومی مفادات کی بنیاد پر فیصلے کریں گے۔

افغانستان کے بارے میں وزیر خارجہ نے کہا کہ حال ہی میں ان کی افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ فون پر ’’واضح‘‘ بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان ہم منصب نے انہیں افغانستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دفتر خارجہ کی مشاورت سے ”مناسب وقت“ پر افغانستان کا دورہ کریں گے۔

Comments

200 حروف