وزیر خزانہ کی ڈونلڈ لو و دیگر امریکی حکام سے ملاقاتیں
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں امریکی معاون وزیر خارجہ ڈونالڈ لو سے ملاقات کی، جو ”سائفر تنازع“ کے مرکز کردار ہیں۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری ڈونالڈ لو اور الزبتھ ہورسٹ نے واشنگٹن میں پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے عالمی بینک کے ہیڈ کوارٹر میں وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔
بیان میں کہا گیا کہ “میٹنگ کے دوران متبادل توانائی، زراعت، موسمیاتی تبدیلی اور ٹیک انڈسٹری کے حوالے سے اقتصادی شراکت داری کو آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔
ملاقات کے دوران، اورنگزیب نے امریکی حکام کو پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں بتایا جس میں ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا، توانائی کے شعبے کو بہتر کرنا اور سرکاری اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنا شامل ہے۔
انہوں نے آئی ٹی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور معدنیات کے حصول میں امریکی سرمایہ کاری کے لیے ابھرتے ہوئے مواقع کی نشاندہی کی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور ایگزم بینک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
پچھلے مہینے، کانگریس کے ایک پینل کے سامنے گواہی دیتے ہوئے، ڈونلڈ لو نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے اس الزام کو مسترد کر دیا تھا کہ ان کی اقتدار سے بے دخلی میں امریکہ ملوث تھا۔
محمد اورنگزیب نے پاکستان اسٹاف ایسوسی ایشن آف ورلڈ بینک اورآئی ایم ایف کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔
وزیرخزانہ نے انہیں حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں بتایا جس میں ٹیکس کی بنیاد میں توسیع، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن، نجکاری، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینا، اور پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے مالیاتی نظم و ضبط کی سختی پر توجہ دی گئی ہے۔
Comments
Comments are closed.