پاکستان معاشی اصلاحات کیلئے اقدامات کو ترجیح دے،امریکا
- آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں
امریکا نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اصلاحات کو ترجیح دے اور آگے بڑھے۔
یہ بیان امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے اس وقت دیا جب ان سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ملٹی بلین ڈالر کے قرض کے نئے معاہدے پر پاکستان کے جاری مذاکرات کے بارے میں پوچھا گیا۔
ملر نے ایک پریس بریفنگ میں کہا، ”لہذا ہم گزشتہ ماہ کے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول کا معاہدہ کیا ہے۔“
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں جیسا کہ آپ نے کہا، پاکستانی وزیر خزانہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے ملاقاتوں کے لیے یہاں واشنگٹن میں ہیں، پاکستان نے اپنی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے پیش رفت کی ہے، اور ہم اس کے قرضوں کے بوجھ کو سنبھالنے کے لیے اس کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا، ”ہم حکومت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اپنے معاشی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اقتصادی اصلاحات کو ترجیح دے اور اس میں توسیع کرے۔“
امریکی عہدیدار نے مزید کہا ”پاکستان کی معاشی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے، اور ہم پاکستان کے ساتھ تکنیکی معاہدوں کے ساتھ اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کے ذریعے رابطے جاری رکھیں گے، یہ سب ہمارے دو طرفہ تعلقات کی ترجیحات ہیں۔“
پاکستان گزشتہ موسم گرما میں آئی ایم ایف کے مختصر مدت کے بیل آؤٹ پیکیج کی بدولت آخری لمحات میں ڈیفالٹ کے خطرات سے باہر آیا۔
پاکستان آنے والے دنوں میں نو ماہ کے 3-ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کے اختتام کے قریب ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ معاہدے کی 1.1 بلین ڈالر کی حتمی قسط کے اس ماہ کے آخر میں منظور ہونے کا امکان ہے اور پاکستان نے ”اربوں“ ڈالر کے ایک نئے آئی ایم ایف قرضہ پروگرام کے لیے بات چیت شروع کر دی ہے۔
قبل ازیں آئی ایم ایف کے ایک ترجمان نے جاری پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے اے ایف پی کو بتایا کہ آئی ایم ایف نےفی الحال موجودہ معاہدے کی تکمیل پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا، نئی حکومت نے ایک نئے پروگرام میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، اور آئی ایم ایف کا عملہ ایک نئے پروگرام پر ابتدائی بات چیت میں مشغول ہونے کے لیے تیار ہے۔
Comments
Comments are closed.