وزیر اعظم کا سعودی سرمایہ کاری کے پہلے مرحلے کو تیز کرنے پر زور
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کو ملک میں سعودی سرمایہ کاری کے پہلے مرحلے کو تیز کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
منگل کو وزیراعظم آفس (پی ایم او) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ بات وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات میں کہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وفد کا دورہ ہمارے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اور تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔
یہ پیشرفت ان دنوں سامنے آئی جب دونوں ممالک نے 5ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کو تیزی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
وزیرِ اعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور اس کے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا
وزیرِ اعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام اداروں کے تعاون اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیدعاصم منیر کے کلیدی کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور حکومت کی جانب سے بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور برادر ممالک کے ساتھ باہمی شراکت داری کے حصول کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر وفد نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اسلام آباد کے ساتھ اپنے مضبوط اور قریبی تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں ۔
سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے کے لیے مملکت کے عزم سے بھی آگاہ کیا۔
گزشتہ ہفتے پاکستان اور سعودی عرب نے 5 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کو تیز کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تھا اور پاکستان کی معیشت میں مملکت کے معاون کردار اور تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی باہمی خواہش پر بھی زور دیا تھا۔
ایک مشترکہ بیان کے مطابق یہ مفاہمت وزیر اعظم شہبازشریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ایک باضابطہ ملاقات کے دوران ہوئی جو 7 اپریل کو مکہ المکرمہ میں ہوئی تھی ۔
اس میں کہا گیا کہ بات چیت کا مرکز دونوں برادر ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے راستے تلاش کرنے پر تھا۔
اس موقع پر پاکستان کی معیشت میں مملکت کے معاون کردار اور تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی باہمی خواہش پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے 5 ارب ڈالر مالیت کے سرمایہ کاری پیکیج کو تیز کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا جس پر پہلے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
Comments
Comments are closed.