پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا اختتام منفی زون میں ہوا ۔
مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور100انڈیکس تاریخ میں پہلی بار71 ہزار پوائنٹس کی بلند سطح عبور کرگیا ۔ بعدازاں انڈیکس اس تاریخی سطح کو برقرار نہ رکھ سکا اورواپس 70 ہزار کی سطح پرآگیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 60.92 پوائنٹس یا 0.09 فیصد کی کمی سے 70,483.66 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ابتدائی سیشن میں بینکوں، تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز اور پاور جنریشن سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں بھرپور خریداری دیکھی گئی جس میں ایچ بی ایل ، ایس این جی پی ایل ،پی پی ایل اوراوجی ڈی سی سبز رنگ میں نظرآئے۔
آل شیئرز انڈیکس کا حجم 555.21 ملین سے کم ہو کر548.42 ملین ہو گیا۔
حصص کی مالیت 21.98 ارب روپے سے گھٹ کر 21.03 ارب روپے ہوگئی۔
منگل کو مجموعی طور پر 369 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 175 کمپنیوں کی حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 168 میں کمی اور 26 میں استحکام رہا ۔
واضح رہے کہ پیر کو کے ایس ای 100انڈیکس229پوائنٹس یا 0.33 فیصد اضافے سے 70,544.58 کی ریکارڈ سطح پر بندہوا تھا۔
ایک اہم پیشرفت کے طور پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اے ایف پی کو بتایا کہ پاکستان نے اپنے اقتصادی اصلاحاتی پروگرام کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ اربوں ڈالر قرض کے نئے معاہدے پر بات چیت شروع کر دی ہے۔
علاوہ ازیں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلیٰ سطح سعودی وفد پیر کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچا تھا۔
ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار نے کہا کہ یہ دورہ بنیادی طور پر دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون پر مرکوز ہے،تاہم انہوں نے کہا کہ اس مرحلے پر کسی ایم او یو پر دستخط ہونے کی توقع نہیں ہے اور بات چیت تکنیکی سطح پر کی جائے گی جس کے بعد سعودی ولی عہد کے دورہ کے دوران قیادت کی سطح پر کئی ایم او یوز پر دستخط کیے جائیں گے۔
Comments
Comments are closed.