پاک سوزوکی موٹرکمپنی (پی ایس ایم سی) نے کہا ہے کہ اس کا کارپوریٹ ڈیٹا سائبر حملوں کی وجہ سے لیک ہوگیا ہے۔

کار ساز کمپنی نے پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس ) کو اپنے نوٹس میں اس معاملے سے آگاہ کیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ 9اپریل 2024 کو ہمیں معلوم ہوا کہ سائبر حملے کے بعد ہمارا ڈیٹا لیک کیا گیا اور ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ سرور سے ایچ آر، فنانس وغیرہ سے متعلق ڈیٹا انٹرنیٹ پر ڈال دیا گیا۔

پی ایس ایم سی نے کہا کہ جامع فرانزک تشخیص اور پورے انفرا اسٹرکچر سے ممکنہ سیکورٹی خطرات ختم کرنے کیلئے ایک سیکورٹی کنسلٹنٹ کو شامل کیا گیا ہے۔

کار ساز کمپنی نے بتایا کہ تفصیلی نتائج تشخیص مکمل ہونے کے بعد اخذ کیے جائیں گے۔

سائبر حملہ ایک ایسا حملہ ہے جو سائبر جرائم پیشہ افراد کے ذریعہ ایک یا ایک سے زیادہ کمپیوٹرز یا نیٹ ورکس کے خلاف ایک یا زیادہ کمپیوٹرز کا استعمال کرتے ہوئے شروع کیا جاتا ہے۔سائبر حملہ بدترین انداز سے کمپیوٹر کو غیر فعال اور ڈیٹا چوری کر سکتا ہے، یا دوسرے حملوں کے لیے لانچ پوائنٹ کے طور پر بھی کنٹرولڈ کمپیوٹر کا استعمال کر سکتا ہے۔

فروری میں پی ایس ایم سی نے اپنی بنیادی کمپنی سوزوکی موٹر کارپوریشن کو62.84 فیصد شیئر ہولڈنگ کے 22,145,760 عام حصص کو 609 روپے فی حصص کی بائی بیک قیمت ,جو کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی وولینٹری ڈی لسٹنگ کمیٹی(وی ڈی سی) نے طے کی تھی، پر دوبارہ خریدنے کا اختیار دیا تھا۔

وی ڈی سی سے منظور شدہ ڈی لسٹنگ کے اہل ہونے کیلئے بیشتر شیئر ہولڈرز کو کل 22,145,760, عام حصص میں سے کم ازکم 13,915,775 عام حصص (84٪62) خریدنے کی ضرورت ہے۔ جنوری میں ایس ایم سی نے پی ایس ایم سی کے حصص کو 609 روپے فی حصص کی بائی بیک قیمت پر خریدنے کا فیصلہ کیا، جو دسمبر میں کی گئی اسپانسر کی 406 روپے فی شیئر کی اصل پیشکش سے ٪50 زیادہ ہے۔

گزشتہ برس دسمبر میں پی ایس ایم سی نے پاک سوزکی کے نقصانات، حصہ داروں کو ادائیگی میں کمی، اسٹاک ایکسیچنج میں سستی قیمتوں سمیت متعدد مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے بازار حصص سے خود ہی ڈی لسٹ ہونے کا اعلان کیا تھا۔

Comments

Comments are closed.