محکمہ موسمیات نے پیر کو ایک نوٹیفکیشن میں انتباہ کیا ہے کہ 14 اپریل کی بارش کے بعد کراچی میں پھر 17 سے 19 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 17اپریل کی شب سے 19 اپریل کی صبح تک کراچی کے علاوہ اندرون سندھ کے دیگر متعدد اضلاع حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، دادو، قمبر شہداد کوٹ، جامشورو اور سانگھڑ میں بھی گرج چمک کےساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی لہر منگل کی شب مغربی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جوکہ بدھ کو بلوچستان کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے اور پھر جمعرات کو بالائی علاقوں تک پھیل سکتی ہے۔
کراچی، لاہور سمیت بڑے شہروں میں ہفتے سے بارش کا امکان ہے۔
اس کےعلاوہ محکمہ موسمیات نے بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں سیلاب کی وارننگ دی ہے۔
قبل ازیں اتوار کو بلوچستان کے اضلاع پسنی اور گوادر میں موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی۔
بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا جبکہ شہری اپنی پناگاہوں سے نکلنےپر مجبورہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چار گھنٹوں کے دوران پسنی میں 89.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق، اتوار کے روز خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کے سبب مختلف حادثات واقعات میں کم از کم چار افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوئے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں، ان واقعات میں تین خواتین، تین مرد اور ایک بچہ زخمی ہوا جب کہ 15 کے قریب مکانات کو نقصان پہنچا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کل 15 مکانات میں سے 13 کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ دو مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
Comments
Comments are closed.