غیر معیاری بیج فراہم کرنے والی 392 کمپنیوں کو بند کرنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2025

نیشنل سیڈ ڈیولپمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (این ایس ڈی آر اے) کے بورڈ آف گورنرز نے ریگولیٹری معیار پر پورا نہ اترنے والی 392 بیج کمپنیوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے،اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں معیاری بیجوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

این ایس ڈی آر اے بورڈ آف گورنرز کے دوسرے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے زرعی شعبے میں معیار کے سخت معیارات کے نفاذ کے لیے حکومت کے عزم پر زور دیا۔

ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اجلاس میں بیجوں کے معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات پر توجہ دی گئی جو وزیراعظم شہبازشریف کے وژن کے عین مطابق ہے۔

بورڈ ممبران نے اس بات پر زور دیا کہ تصدیق شدہ بیجوں کی دستیابی کو یقینی بنانا ترجیح ہونی چاہئے۔

اجلاس میں بیج کمپنیوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، این ایس ڈی آر اے اور فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن ڈپارٹمنٹ (ایف ڈی سی ڈی) آڈٹ کے نتائج پر مبنی اقدامات پر تعاون کریں گے۔

اس موقع پراین ایس ڈی آر اے کے نمائندوں نے ایک ایکشن پلان پیش کیا جس کی رہنمائی آڈٹ کے اعداد و شمار سے کی گئی تھی۔

بورڈ نے متفقہ طور پر اتفاق کیا کہ ملک میں بیج کی پیداوار کے معیار کو بڑھانے کے لئے وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Read Comments