امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز وینزویلا سے تیل یا گیس خریدنے والے کسی بھی ملک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
جنوری میں وائٹ ہاؤس واپس آنے کے بعد سے صدر ٹرمپ نے امریکی اتحادیوں اور دشمنوں پر یکساں محصولات عائد کیے ہیں اور مالیاتی میکانزم کے ذریعے معاشی اور سفارتی پالیسی دونوں کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وینزویلا امریکہ اور ان آزادیوں کا مخالف رہا ہے جن کی ہم حمایت کرتے ہیں۔
لہٰذا، کوئی بھی ملک جو وینزویلا سے تیل اور/ یا گیس خریدتا ہے، اسے امریکہ کو ہمارے ملک کے ساتھ ہونے والی کسی بھی تجارت پر 25 فیصد ٹیرف ادا کرنے پر مجبور کیا جائے گا۔
امریکہ اور وینزویلا کے درمیان ڈی پورٹیشن پائپ لائن گزشتہ ماہ اس وقت معطل کر دی گئی تھی جب ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ کراکس جلاوطن تارکین وطن کو فوری طور پر وصول کرنے کے معاہدے پر پورا نہیں اترا ہے اور وینزویلا نے بعد میں کہا تھا کہ وہ اب پروازوں کو قبول نہیں کرے گا۔
لیکن کراکس نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ وطن واپسی دوبارہ شروع کرنے کے معاہدے پر پہنچ گیا ہے جس کے بعد تقریبا 200 وینیز ویلا کے شہریوں کو امریکہ سے ہنڈوراس کے راستے ملک بدر کر دیا گیا ہے۔
یہ معاہدہ اس وقت سامنے آیا جب 200 سے زائد وینیز ویلا کے شہری، جن پر واشنگٹن نے الزام لگایا تھا کہ وہ ٹرین ڈی اراگوا گینگ کے رکن ہیں، کو 16 مارچ کو امریکہ سے ایل سلواڈور میں زیادہ سے زیادہ سکیورٹی والی جیل اور جبری مشقت کیمپ میں لے جایا گیا تھا، جب ٹرمپ نے مبینہ گینگ کے ارکان کو ملک بدر کرنے کے لیے جنگی اختیارات کا استعمال کیا تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ وینزویلا سے تیل خریدنے والے ممالک پر ثانوی محصولات عائد کرے گا جس کی متعدد وجوہات ہیں جن میں یہ حقیقت بھی شامل ہے کہ وینزویلا نے جان بوجھ کر اور دھوکہ دہی سے امریکہ کو خفیہ طور پر ہزاروں اعلیٰ سطح ی اور دیگر مجرموں کو بھیجا ہے۔
ٹرمپ نے لکھا کہ تمام دستاویزات پر دستخط اور رجسٹریشن کی جائے گی اور ٹیرف 2 اپریل 2025 کو امریکہ میں یوم آزادی کے موقع پر ہوگا۔
ٹرمپ اس دن کو خصوصی نام سے یاد کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے اس وقت امریکہ کے تجارتی شراکت داروں پر دوطرفہ محصولات عائد کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاکہ ان طریقوں کو دور کیا جا سکے جنہیں واشنگٹن غیر منصفانہ سمجھتا ہے۔
وہ تجارتی عدم توازن اور امریکہ میں مہلک فینٹانل کے بہاؤ کو روکنے میں ناکامی کا حوالہ دیتے ہوئے چین، کینیڈا اور میکسیکو سمیت بڑے تجارتی شراکت داروں پر پہلے ہی محصولات عائد کر چکے ہیں۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ نے رواں ماہ کے اوائل میں توانائی کی بڑی کمپنی شیورون کو وینزویلا میں اپنی سرگرمیاں روکنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی تھی۔