اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی نے بلوچستان، پنجاب اور سندھ میں موٹروے اور ہائی ویز کے منصوبوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے بندرگاہوں سے منسلک سڑکوں کی تعمیر کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل اپنانے پر زور دیا ہے۔
یہ ہدایات 17 مارچ کو وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی ایگزیکٹو کمیٹی کے 13 ویں اجلاس کے دوران جاری کی گئیں۔
اجلاس میں وفاقی وزرا، ایس آئی ایف سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر اور سینئر حکام نے شرکت کی جنہوں نے مختلف منصوبوں اور پالیسی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اہم شعبوں جیسے کنیکٹیویٹی اور انفراسٹرکچر، تیل و گیس اور بندرگاہوں اور بحری امور سے متعلق اہم پالیسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمیٹی نے ضروری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ایک واضح حکمت عملی مرتب کی۔
مزید برآں کمیٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بین الوزارتی مسائل کے حل کے لیے پالیسی اقدامات اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت میں تیزی لائی جائے۔
ایس آئی ایف سی نے ملک بھر میں سرمایہ کاری میں تیزی اور اہم بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025