پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 9 وکٹوں سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، جہاں قومی ٹیم محض 91 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اتوار کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انتہائی ناقص آغاز کیا اور 5 اوورز کے اختتام پر اس کا اسکور4 وکٹوں کے نقصان پر 11 رنز تھا۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر کائل جیمیسن نے نئی گیند سے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔
پاکستانی ٹیم 17.4 اوورز میں 91 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جو نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کا کسی بھی ٹی ٹوئنٹی میچ میں کم ترین اسکور ہے۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے 10.1 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 92 رنز بنا کر آسان فتح حاصل کر لی۔
کائل جیمیسن نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جیکب ڈفی نے 4 اوورز میں 14 رنز دے کر 4 وکٹیں لے کر پاکستان کی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے صرف تین بلے باز ڈبل فگر میں پہنچ سکے۔ کپتان سلمان آغا نے 18 رنز بنائے جبکہ خوشدل شاہ 32 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے 30 گیندوں پر 3 چھکے لگائے۔ جہانداد خان نے 17 رنز بنائے۔
جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کے اوپنر ٹم سیفرٹ نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 44 رنز اسکور کیے، جس میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ فن ایلن 29 اور ٹم رابنسن 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور 11ویں اوور کی پہلی گیند پر ہدف مکمل کر لیا۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کا اس سے قبل سب سے کم اسکور 101 رنز تھا، جو 2016 میں ویلنگٹن میں 95 رنز سے شکست کے دوران بنایا گیا تھا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ منگل کوڈونیڈن میں کھیلا جائے گا۔