ٹیکنالوجی اور عوامی خدمات، پاکستان اور آذربائیجان کا ڈیجیٹل روابط بڑھانے کا عزم

14 مارچ 2025

پاکستان اور آذربائیجان نے ٹیکنالوجی اور عوامی خدمات کی جدت طرازی پر توجہ دینے کے ساتھ ڈیجیٹل تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزہ فاطمہ خواجہ سے اہم ملاقات کی۔

بات چیت کے دوران دونوں نے ڈیجیٹل گورننس، ٹیکنالوجی اور عوامی خدمات کی فراہمی میں تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ آذربائیجان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان نے ڈیجیٹل پبلک سروسز اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

فریقین نے ”آسان سروس سینٹرز“ پر بھی تبادلہ خیال کیا جس کا مقصد عوامی خدمات تک رسائی اور کارکردگی میں اضافہ کرنا ہے۔ شیرہ فاطمہ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کے وژن میں عوامی خدمات کی بلاتعطل اور موثر فراہمی کو ترجیح دی گئی ہے۔

انہوں نے کاروباری اور سرکاری خدمات کو آسان بنانے میں وزارت آئی ٹی کے ”ون اسٹاپ شاپ“ ماڈل کے کردار پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ اسلام آباد اقدام عوامی خدمات کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

مزید برآں انہوں نے سٹیزن سروسز پورٹل کی اہمیت کو تسلیم کیا جو جدید سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ دونوں ممالک نے ڈیجیٹل گورننس کو فروغ دینے کے لئے اپنے تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے جو پاکستان کے ”ڈیجیٹل پاکستان“ کے وژن کے مطابق ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Read Comments