وزیر خزانہ کا اہم چیلنجز سے نمٹنے میں صدر زرداری کے تعاون پر اظہار تشکر

11 مارچ 2025

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اقتصادی مسائل، وفاقی امور اور قومی معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں تعاون پر صدر آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کے دوران کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی اقتصادی ترقی، مستقبل میں درپیش چیلنجز اور زرعی شعبے کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی معیشت کی ترقی کے لیے مضبوط بنیاد رکھی گئی ہے جس میں نجی شعبہ بالخصوص کاروباری برادری طویل المیعاد اور پائیدار معاشی نمو کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی میں ہماری سیاسی قیادت، وزیراعظم شہباز شریف کا وژن اور رہنمائی اہم ہے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کی تاجر برادری اور مقامی چیمبرز کے ساتھ فعال روابط کو بھی سراہا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ملک کی ترقی کے لیے ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو بہت نقصان اٹھانا پڑا، پیپلز پارٹی حکومت کی اچھی پالیسیوں میں اس کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی میں صدر پاکستان اور وزیراعظم کا کردار قابل ستائش ہے۔

گورنر پنجاب نے ملک کے معاشی استحکام کیلئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال درپیش سنگین چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافہ اور انفراسٹرکچر میں بہتری مخلوط حکومت کی مثبت سوچ کا نتیجہ ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025

Read Comments