مرغی مزید مہنگی ہوگئی، دالیں، بیسن اور کھجور سستی

09 مارچ 2025

اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں رواں ہفتے ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ مارکیٹ سروے کے مطابق سپلائی میں کمی کے باعث مرغی کی قیمت میں مزید اضافہ ہوا، جبکہ دالوں اور رمضان سے متعلق مخصوص اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی۔

مرغی کی قیمت ہول سیل مارکیٹ میں 18,000 روپے سے بڑھ کر 18,800 روپے فی 40 کلوگرام تک پہنچ گئی، جبکہ پرچون میں مرغی 490 روپے فی کلوگرام اور مرغی کا گوشت 800 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہا ہے۔ انڈوں کی قیمت مستحکم رہی اور 30 درجن کے کارٹن کی قیمت 8,600 روپے برقرار رہی، جبکہ پرچون میں انڈے 290 سے 300 روپے فی درجن میں فروخت ہو رہے ہیں۔

چینی کی قیمت ہول سیل مارکیٹ میں 8,000 روپے فی 50 کلوگرام برقرار رہی، جبکہ پرچون میں چینی 170 روپے فی کلوگرام فروخت ہو رہی ہے۔ گزشتہ چار ماہ میں چینی کی قیمت میں 1,900 روپے فی 50 کلوگرام یا 38 روپے فی کلوگرام اضافہ ہوا ہے۔ آٹے کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی، بہترین کوالٹی آٹا ہول سیل میں 1,250 روپے فی 15 کلوگرام جبکہ پرچون میں 1,300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

گزشتہ تین ماہ میں دالوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی، ماش کی قیمت 530 روپے سے کم ہو کر 400 روپے فی کلوگرام تک آ گئی۔ دیگر دالوں کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھنے میں آئی، تاہم ریٹیلرز نے اس کمی کا مکمل فائدہ صارفین تک نہیں پہنچایا۔ بیسن کی قیمت 350 روپے سے کم ہو کر 325 روپے فی کلوگرام اور ایرانی کھجور کی قیمت 450 روپے سے کم ہو کر 400 روپے فی کلوگرام ہو گئی۔

سبزیوں کی قیمتوں میں مجموعی طور پر کمی دیکھی گئی۔ آلو 130 سے 180 روپے فی 5 کلوگرام میں ہول سیل میں جبکہ پرچون میں 40 سے 75 روپے فی کلوگرام میں دستیاب رہے۔ پیاز کی قیمت 220 سے 330 روپے سے کم ہو کر 180 سے 250 روپے فی 5 کلوگرام ہو گئی، جبکہ پرچون میں 50 سے 75 روپے فی کلوگرام فروخت ہو رہی ہے۔ ٹماٹر کی قیمت مستحکم رہی اور 100 سے 175 روپے فی 5 کلوگرام میں فروخت ہو رہا ہے۔

پھلوں کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔ سیب 110 سے 330 روپے فی کلوگرام، امرود 160 سے 220 روپے فی کلوگرام جبکہ کیلا 120 سے 250 روپے فی درجن فروخت ہو رہا ہے۔

پیکٹ والے دودھ کی قیمت میں معمولی کمی آئی، جبکہ تازہ دودھ کچھ علاقوں میں 220 روپے اور کچھ جگہوں پر 230 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہا ہے۔ برانڈڈ گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی، ڈبہ بند کوکنگ آئل اور گھی 2,750 روپے سے کم ہو کر 2,740 روپے فی 5 کلوگرام فروخت ہو رہا ہے۔

اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمت 6 روپے فی کلوگرام کم کر کے 244 روپے مقرر کی گئی، تاہم مارکیٹ میں یہ 300 سے 330 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ مارکیٹنگ کمپنیاں زائد قیمت پر گیس فراہم کر رہی ہیں اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔

عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت قیمتوں پر موثر نگرانی کرے تاکہ ریٹیلرز ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری سے باز رہیں اور اشیائے ضروریہ صارفین کو سرکاری نرخوں پر میسر ہوں۔

Read Comments