وزیراعظم کا خواتین کو مساوی تعلیمی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر زور

09 مارچ 2025

وزیر اعظم شہباز شریف نے ہفتہ کے روز عالمی یوم خواتین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کو مساوی تعلیمی، فنی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی خودمختاری حکومت کا بنیادی مشن ہے اور قومی معیشت میں خواتین کی شمولیت کے لیے تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے اسلام آباد کی پہلی جینڈر پیریٹی رپورٹ کا اجراء کیا، جو تعلیم، صحت، سیاست اور انصاف سمیت مختلف شعبوں میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل کی سفارشات پر مبنی ہے۔ انہوں نے کام کرنے والی خواتین کے لیے اینڈومنٹ فنڈ کے قیام کا بھی اعلان کیا اور وزیر اعظم ویمن ایمپاورمنٹ پیکج کو خواتین کے خلاف امتیازی سلوک کے خاتمے میں ایک انقلابی قدم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سرکاری و نجی اداروں میں ڈے کیئر سینٹرز قائم کیے گئے ہیں اور ان سہولیات کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے تعلیم یافتہ خواتین پر زور دیا کہ وہ معیشت کے استحکام کے لیے اسپتالوں، بینکوں اور دیگر شعبوں میں اپنی خدمات انجام دیں۔

تقریب میں نامور خواتین، وزراء، قانون ساز، کاروباری شخصیات اور انسانی حقوق کے کارکنان شریک ہوئے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے تمام وزارتوں اور محکموں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اقوام متحدہ کے نمائندے محمد یحییٰ نے جینڈر ایکشن پلان میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو امہ لیلیٰ نے خواتین کے لیے پنک بس سروس اور ویمن آن وہیلز جیسے اقدامات کو سراہا۔

وزیراعظم نے 10 بہترین نجی کمپنیوں کو فیملی فرینڈلی ایوارڈز سے نوازا جن میں الفا بیٹا کور سلوشنز، ارفع کریم ٹیکنالوجی انکیوبیٹر، ایوی ایشن ایم آر او، بلنک کیپیٹل، فنورکس گلوبل، گفٹ ایجوکیشنل، کسٹ پے، لائبا انٹرپرائزز، لیڈیز فنڈ انرجی اور لی اینڈ فنگ پاکستان شامل ہیں۔

یہ ایوارڈز اقوام متحدہ اور پاکستان بزنس کونسل کے اشتراک سے کیے گئے آن لائن سروے کی بنیاد پر دیے گئے۔

Read Comments