ٹرمپ نے بائیڈن کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کردی، غیرملکی امداد پر کریک ڈاؤن میں شدت

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی ہے جبکہ انہوں نے دنیا کے غریب ترین ممالک کی مدد...
08 فروری 2025

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن کی سکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی ہے جبکہ انہوں نے دنیا کے غریب ترین ممالک کی مدد کرنے اور امریکی اثر و رسوخ کو دنیا بھر میں بڑھانے والے انسانی حقوق کے ادارے کو ختم کرنے کی مہم تیز کردی ہے ۔

78 سالہ ارب پتی نے جنوبی افریقہ کو امداد منجمد کردی، جہاں ان کے اہم مالی معاون ایلون مسک پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے خود کو واشنگٹن کے اہم ثقافتی مقامات میں سے ایک کینیڈی سینٹر کا سربراہ نامزد کیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل نیٹ ورک پر کہا کہ جوبائیڈن کو اب مزید خفیہ معلومات تک رسائی کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ فوری طور پر ڈیموکریٹس کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کررہے ہیں اور اپنی یومیہ کی انٹیلی جنس بریفنگ ختم کررہے ہیں۔

امریکی صدور کو عموماً اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد بھی انٹیلیجنس بریفنگز حاصل کرنے کا حق دیا جاتا ہے۔

ٹرمپ نے امریکہ کی عالمی امدادی ایجنسی (یو ایس ایڈ) پر بھی اپنے کام کو تیز کیا ہے جو دنیا بھر میں انسانیت کی مدد فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے یو ایس ایڈ کے بارے میں اپنی ٹروتھ سوشل ایپ پر بغیر کسی ثبوت کے لکھا کہ بدعنوانی اس سطح پر ہے جو اس سے پہلے شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔ اسے بند کر دو!“

یو ایس ایڈ کو سب سے زیادہ تنقید کا اس وقت سامنا ہوا جب ٹرمپ نے ایلون مسک کی قیادت میں – جو دنیا کے امیر ترین شخص ہیں – امریکی حکومت کے کئی شعبوں کو کم کرنے یا ختم کرنے کی مہم شروع کی۔

جمعہ کو مسک جنہوں نے ٹرمپ کے ساتھ مل کر یو ایس ایڈ کے مالی معاملات کے بارے میں واضح طور پر متضاد معلو پھیلائی ہیں نے واشنگٹن ہیڈ کوارٹر سے ایجنسی کے سائن بورڈ کو ہٹائے جانے کی تصاویر دوبارہ پوسٹ کیں۔

ٹرمپ انتظامیہ نے غیرملکی امداد منجمد کر دی ہے، بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والے ہزاروں ملازمین کو امریکہ واپس آنے کا حکم دیا ہے اور یو ایس ایڈ کے ملازمین کی تعداد 10 ہزار سے کم کر کے صرف 300 کردی ہے۔

مزدور یونینیں اس فیصلے کو چیلنج کر رہی ہیں۔ جمعہ کو ایک وفاقی جج نے انتظامیہ کے اس منصوبے کو روکنے کا حکم دیا ہے جس کے تحت یو ایس ایڈ کے 2200 ملازمین کو ہفتے کے آخر تک تنخواہ کے ساتھ چھٹیوں پر بھیج دیا جائے گا۔

ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے لیے حکومت کے اداروں کو قانون سازوں کی اجازت کے بغیر بند کرنا غیر آئینی ہوگا۔

Read Comments