وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے گھریلو صارفین اور صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخ مزید کم کیے جائیں گے۔
وزیر اعظم نے پاور سیکٹر سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے توانائی شعبے میں جاری اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اصلاحات مثبت نتائج دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد بجلی پیدا کرنے والے اداروں (آئی پی پیز) کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی نہ صرف قومی خزانے کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ صارفین کے لیے بجلی کی لاگت کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس سلسلے میں تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو درپیش نقصانات کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے اسے مزید تیز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں نجی شعبے کے معروف بورڈ ممبران کی تقرری سے ان کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے ٹرانسمیشن لاسز میں کمی بھی اصلاحات کے مثبت نتائج کا واضح اشارہ ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور انسداد چوری مہم کے نتیجے میں گزشتہ سال دسمبر تک ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی ریکوری کی شرح 93.26 فیصد تک پہنچ گئی۔
اجلاس کو 500 کلوواٹ مٹیاری-مورو-رحیم یار خان اور غازی بروتھا-فیصل آباد ٹرانسمیشن لائن منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
مزید برآں اجلاس کو نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی تحلیل اور نئی کمپنی انرجی انفراسٹرکچر، ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (ای آئی ڈی ایم سی) کے قیام سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے تمام اصلاحات اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025