سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں انٹیلی جنس بیس پر کارروائی کرتے ہوئے سرغنہ سمیت چار عسکریت پسندوں کو ہلاک اور دو دیگر کو زخمی کرنے ساتھ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران فوج نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک گروہ کے رہنما عزیز الرحمان، قاری اسماعیل اور مخلص سمیت چار عسکریت پسندوں کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ دو عسکریت پسند زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، جو علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہے ہیں۔