ایس آئی ایف سی اجلاس میں اُڑان پروگرام اور اسٹیک ہولڈرز کے کردار کا جائزہ

  • ایگزیکٹو کمیٹی نے قومی اقتصادی منصوبہ (29-2024) پر عمل درآمد کے لیے موثر حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
15 جنوری 2025

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل(ایس آئی ایف سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی نے منگل کے روز ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کے تحت برآمدات پر مبنی سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مختلف اسٹیک ہولڈرز کے کردار کا جائزہ لیا اور تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کمیٹی کو بریفنگ دی اور منصوبے کی اہم خصوصیات اور اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کاوشوں کے بارے میں تفصیل فراہم کیں۔

کمیٹی نے قومی اقتصادی منصوبہ (29-2024) پر عمل درآمد کے لیے موثر حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ کیا جس کا مقصد 2035 تک ٹریلین ڈالر کی معیشت حاصل کرنا ہے۔ ایس آئی ایف سی نے پوری قوم کے فورم کے ذریعے اس پروگرام کے فوائد حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ’اوڑان پاکستان‘ پروگرام کی حمایت اور موثر انداز میں پیش کرنے کے لیے میڈیا حکمت عملی پیش کی۔

پاکستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کمیٹی کو بین الاقوامی مشاورتی معاونت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے جاری کوششوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ایس آئی ایف سی نے ہدایت کی کہ جاری کوششوں میں تیزی لائی جائے اور سرمایہ کاری کے منصوبوں پر پیش رفت کی جائے، سرمایہ کاری کے قابل منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے اور دوست ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے پر زور دیا جائے۔

Read Comments