وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) کی 10 ویں برسی کے موقع پر دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 ناقابل تصور غم کا دن تھا جب بزدل دہشت گردوں نے اے پی ایس پشاور پر حملہ کیا جس میں 144 بے گناہ افراد شہید ہوئے جن میں اکثریت چھوٹے بچوں کی تھی۔ ان بے رحم دہشت گردوں نے تباہی مچائی اور خوابوں، مستقبل اور امیدوں کو خاک میں ملا دیا۔ ایک دہائی گزر چکی ہے، لیکن ان معصوم جانوں کو کھونے کا درد اب بھی تازہ ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ اس سفاکانہ حملے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بچوں اور اساتذہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا، ان کے اہل خانہ کو ان کی ثابت قدمی پر سلام پیش کیا اور قوم کے دشمنوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بزدل دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم ایک مضبوط دیوار کی طرح متحد ہے اور انشاء اللہ ایسا کرتی رہے گی۔ غیر ملکی دشمنوں کے اشارے پر کام کرنے والے یہ شرپسند عناصر مذہب یا معاشرتی اقدار سے کوئی تعلق نہیں رکھتے اور اپنے مذموم عزائم کے لئے معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔