جولائی تا نومبر برآمدات 12.57 فیصد اضافے سے 13.691 ارب ڈالر ریکارڈ

03 دسمبر 2024

رواں مالی سال 25-2024 کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران ملکی برآمدات میں 12.57 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 13.691 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال (24-2023) کے اسی عرصے کے دوران 12.162 ارب ڈالر تھی۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 7.39 فیصد کم ہوا اور 8.651 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 9.341 ارب ڈالر تھا۔

رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ملکی درآمدات میں 3.90 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 22.342 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 21.503 ارب ڈالر تھی۔

پی بی ایس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2024 میں پاکستان کا تجارتی خسارہ سالانہ 18.60 فیصد کم ہوکر 1.589 ارب ڈالر رہا جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 1.952 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

نومبر میں برآمدات میں 8.98 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ 2.804 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 2.573 ارب ڈالر تھی۔

درآمدات میں 2.92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور نومبر میں یہ 4.393 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی مہینے میں 4.525 ارب ڈالر تھی۔

ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 0.19 فیصد بڑھ کر نومبر میں 1.589 ارب ڈالر رہا جبکہ اکتوبر 2024 میں تجارتی خسارہ 1.586 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

نومبر میں برآمدات 5.97 فیصد کم ہوکر 2.804 ارب ڈالر رہیں جو اکتوبر 2024 میں 2.982 ارب ڈالر تھیں۔ نومبر 2024 میں درآمدات میں 3.83 فیصد کمی ہوئی اور اکتوبر 2024 میں 4.568 ارب ڈالر کے مقابلے میں 4.393 ارب ڈالر رہی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Read Comments