پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد پر آئی سی سی کی بات چیت جاری

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ آئندہ سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کا...
29 نومبر 2024

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کہا ہے کہ آئندہ سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے غیریقینی صورتحال کا مناسب حل تلاش کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

آئی سی سی نے اس سے پہلے کہا تھا کہ بھارت نے آٹھ ملکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان جانے سے انکار کر دیا ہے۔

ایٹمی ہتھیار رکھنے والے دونوں پڑوسی ممالک 1947 میں برصغیر کی تقسیم کے بعد سے اب تک تین جنگیں لڑ چکے ہیں اور ان کی روایتی دشمنی کا اثر اکثر کرکٹ کے میدان میں بھی دکھائی دیتا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دبئی میں واقع انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ہیڈ کوارٹر میں جمعے کو آئی سی سی کا مختصر اجلاس ہوا جو بغیر کسی فیصلے کے ملتوی کر دیا گیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تمام فریقین مثبت حل کے لیے کام کر رہے ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں بورڈ کا اجلاس دوبارہ شروع ہو جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کو کسی غیر جانبدار تیسرے ملک میں کھیلنے کی اجازت دینے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اصرار کیا تھاکہ 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈولڈ ایونٹ مکمل طور پر پاکستانی میدانوں پر کھیلا جانا چاہئے۔

ایک اور ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعے کو ہونے والی مختصر ملاقات کے بعد بھی پاکستان کا موقف برقرار ہے۔

Read Comments