پاک ، روانڈا تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں، سفیر

25 نومبر 2024

پاکستان میں روانڈا کی سفیر فاتو ہیریمانا نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے اور صحت عامہ میں روانڈا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون ناگزیر ہے ، اس شعبے میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

پاکستان اور روانڈا کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے جس کیلئے دونوں جانب سے نجی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے، پاکستان اور روانڈا کے درمیان کثیرالجہتی فورمز پر بڑھتے اقتصادی تعاون اور باہمی احترام پر مبنی دوستانہ تعلقات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ روانڈا اور پاکستان کے درمیان 62 سال پر محیط دیرینہ تعلقات ہیں جو تجارت، صحت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں فعال طور پر تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روانڈا کی جی ڈی پی 2024 کی پہلی سہ ماہی میں 9.7 فیصد بڑھی ہے جبکہ گزشتہ سال کی شرح نمو 8.2 فیصد سے زیادہ ہے ، ملک نے قابل ذکر لچک دکھائی ہے جو خدمات اور صنعت جیسے اہم شعبوں میں صارفین کے مضبوط اخراجات کے باعث کارفرما ہے۔

سفیر نے کہا کہ جاری چیلنجز کے باوجود روانڈا کی لیبر مارکیٹ میں مستحکم بحالی ہوئی ہے اور 2023 کی چوتھی سہ ماہی میں پانچ لاکھ سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں جو کوویڈ وبائی مرض کے بعد سے بے روزگاری میں سب سے نمایاں کمی ہے۔

روانڈا میں لیبر مارکیٹ کی توسیع وسیع البنیاد تھی، جس میں خواتین کو مردوں کے مقابلے میں تھوڑا زیادہ فائدہ ہوا اور اس کے نوجوانوں کی آبادی کا فائدہ اٹھانے کے لیے روانڈا کو لیبر فورس کی شمولیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ کام کرنے کی عمر کے 8.1 ملین افراد میں سے صرف 2.8 ملین افراد کل وقتی ملازم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روانڈا 2035 تک متوسط آمدنی والا ملک اور 2050 تک اعلی آمدنی والا ملک بننا چاہتا ہے۔

دوسری قومی حکمت عملی برائے تبدیلی (این ایس ٹی -2) کے نفاذ کے ذریعے اسے حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) کو پورا کرنے پر مرکوز سیکٹرل حکمت عملیوں کے ذریعے پانچ سالہ ترقیاتی ایجنڈا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روانڈا کی معیشت نے 2024 کی پہلی ششماہی میں مضبوط ترقی جاری رکھی اور 2022-2023 میں اوسطا 8.2 فیصد کی ترقی کے بعد 2024 کی پہلی ششماہی میں حقیقی جی ڈی پی میں 9.7 فیصد کا اضافہ ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی ڈی پی کی ترقی 2025-26 میں بھی اپنی رفتار برقرار رکھے گی، جس کی اوسط شرح 7.7 فیصد متوقع ہے، جو عالمی سیاحت کی بحالی، نئے تعمیراتی منصوبوں، اور مینوفیکچرنگ سرگرمیوں کی بدولت ممکن ہوگی۔

Read Comments