بینکنگ سیکٹر میں تیزی، کے ایس ای 100 انڈیکس 99 ہزار سے تجاوز

  • سرمایہ کار مقامی محاذ پر سیاسی اتار چڑھاؤ کا اندازہ لگارہے ہیں
اپ ڈیٹ 25 نومبر 2024

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بینکنگ سیکٹرکی نمایاں کارکردگی کی بدولت کے ایس ای 100 انڈیکس 1200 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 99 ہزار کی بلند سطح عبور کرگیا۔

کے ایس ای 100 نے کاروبار کا آغاز منفی زون میں کیا اور صبح 9 بجکر 40 منٹ پر 100 انڈیکس 97,137.63 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر دیکھا گیا۔

بعدازاں بھرپور خریداری کی بدولت کے ایس ای 100 انڈیکس 99 ہزار کی بلند سطح عبور کرگیا۔ ایک موقع پر انڈیکس 99,317.47 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، پھر 99 ہزار کی نیچے آگیا۔

کمرشل بینک، فرٹیلائزر اور فارماسیوٹیکلز میں بھرپور خریداری کا رجحان دیکھا جارہا ہے جبکہ ایچ بی ایل، این بی پی، ایم ای بی ایل، یو بی ایل، ایم سی بی، حبکو، پی ایس او، ایس ایس جی سی اور ایف ایف سی میں بھی مثبت رجحان ہے ۔

دریں اثنا سرمایہ کار مقامی محاذ پر سیاسی اتار چڑھاؤ کا اندازہ لگارہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جیل میں قید بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ہزاروں پرجوش حمایتیوں نے اتوار کو وفاقی دارالحکومت کی جانب ”فیصلہ کن“ طویل مارچ کا آغاز کردیا ہے اور حکومت کی جانب سے ان کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے لگائے گئے تمام رکاوٹوں کو ہٹادیا۔

لانگ مارچ کو ناکام بنانے کے لیے پولیس نے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سے پی ٹی آئی کے سیکڑوں حامیوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔

گزشتہ ہفتے مقامی سرمایہ کاروں کی جانب سے جارحانہ خریداری اور ادارہ جاتی حمایت کی وجہ سے تیزی کا رجحان دیکھا گیا۔

بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ہفتہ وار 3,034.59 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور ہفتے کا اختتام 97,798.23 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر ہوا۔

عالمی سطح پر، پیر کو ایشیائی اسٹاکس میں اضافہ دیکھنے کو آیا، ساتھ ہی امریکی ایکویٹی فیوچرز بھی بڑھے، جبکہ ڈالر اپنے حریف کرنسیوں کے مقابلے میں پیچھے ہٹ گیا کیونکہ بانڈ کے منافع میں میں کمی واقع ہوئی ۔ یہ تبدیلی اس وقت آئی جب فنڈ منیجر اسکاٹ بیسنٹ کو اگلے امریکی وزیر خزانہ کے طور پر منتخب کیا گیا، جس سے سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ وہ واشنگٹن میں مارکیٹس کے حق میں آواز بلند کریں گے۔

ایم ایس سی آئی کے ایشیا پیسیفک کے حصص کے وسیع ترین انڈیکس میں 1.6 فیصد کا اضافہ ہوا اور یو ایس ایس اینڈ پی 500 فیوچرز نے 0.5 فیصد اضافے کی نشاندہی کی ، جو گزشتہ ہفتے کے اختتام پر کیش انڈیکس میں 0.3 فیصد اضافے کے بعد ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

یہ انٹرا ڈے اپ ڈیٹ ہے

Read Comments