ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں، چینی صدر

17 نومبر 2024

چین کے صدر شی جن پنگ نے ہفتے کے روز امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے رہنماؤں نے لیما میں ایشیا بحرالکاہل کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی جس میں جنوری میں ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس واپسی پر نئی تجارتی جنگوں اور سفارتی تناؤ کے خدشات کا احاطہ کیا گیا۔

پیرو کے دارالحکومت میں چینی رہنما کے ہوٹل میں ملاقات شروع کرنے کے بعد شی جن پنگ نے کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ مستحکم تعلقات کے لیے بیجنگ کے اہداف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے، تعاون بڑھانے اور اختلافات کو دور کرنے کے لیے کام کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ چین اور امریکہ کے تعلقات کی ہموار منتقلی کی کوشش کی جا سکے۔

شی جن پنگ اور بائیڈن نے تجارت سے لے کر تائیوان تک کے معاملات پر تناؤ کو کم کرنے کی کوششوں پر بات کی ہے اور ہفتے کے روز ہونے والی یہ ملاقات گزشتہ سال کیلیفورنیا میں ہونے والی تاریخی ملاقات کے بعد ان کی دوسری ملاقات تھی جو مجموعی طور پر ان کی تیسری ملاقات تھی۔

جو بائیڈن نے کہا کہ انہیں اس پیش رفت پر بہت فخر ہے جو ہم دونوں نے مل کر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دونوں ممالک اس مقابلے کو تصادم میں تبدیل نہیں ہونے دے سکتے۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے اور گزشتہ چار سالوں میں مجھے لگتا ہے کہ ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ تعلقات ممکن ہیں۔

Read Comments