ٹرمپ نے کیرولن لیویٹ کو وائٹ ہاؤس کا پریس سیکریٹری مقرر کر دیا

16 نومبر 2024

امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز اعلان کیا کہ ان کی انتخابی مہم کی ترجمان 27 سالہ کیرولن لیویٹ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں گی۔

ٹرمپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ لیویٹ باصلاحیت، سمجھدار محنتی اور مؤثر انداز میں پیغام رساں ثابت ہوئی ہیں، مجھے پورا یقین ہے کہ وہ پوڈیم پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی اور امریکی عوام تک ہمارا پیغام پہنچانے میں مدد کریں گی۔

لیویٹ وائٹ ہاؤس ترجمان کی حیثیت سے عہدے پر فائز ہونے والے کم عمر ترین افراد میں سے ایک بن جائیں گی۔

انہوں نے جمعے کے روز فاکس نیوز پوڈ کاسٹ کو بتایا کہ انہوں نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کے دوران ان کی پریس سیکرٹری کے طور پر کام کیا اور انتخابات سے قبل جولائی میں اپنے پہلے بچے کو جنم دیا۔

ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں اسسٹنٹ پریس سیکریٹری کے طور پر کام کرنے کے بعد وہ 2022 میں اپنی آبائی ریاست نیو ہمپشائر سے ایوان نمائندگان کی نشست کے لیے انتخابات میں ناکام رہیں۔

انہوں نے کانگریس کی خاتون رکن ایلس اسٹیفنک کے لیے کمیونیکیشن ڈائریکٹر کے طور پر بھی کام کیا ہے جنہیں ٹرمپ نے اقوام متحدہ کا سفیر نامزد کیا ہے۔

کیرولین نے کہا کہ میں کسی سیاسی گھرانے میں پرورش نہیں پائی۔ میں اپنی آبائی ریاست نیو ہمپشائر میں ایک متوسط طبقے کے کاروباری گھرانے میں بیشتر امریکیوں کی طرح پروان چڑھی، میں نے مانچسٹر (نیو ہمپشائر) میں اپنے کالج سینٹ اینسیلم کالج میں سیاست میں قدم رکھا ہے۔

Read Comments