حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر ایک سال سے زائد عرصے سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 43 ہزار 552 ہو گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق مجموعی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی 44 شہادتیں بھی شامل ہیں، اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی میں ایک لاکھ 2 ہزار 765 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
غزہ کے محکمے برائے شہری دفاع نے ہفتے کے روز بتایا ہے کہ گزشتہ شب اسرائیلی فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 14 فلسطینی شہید ہوئے۔
شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جنوبی علاقے خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر فضائی حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت کم از کم نو افراد شہید ہو گئے۔
فلسطینی ہلال احمر نے بھی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے جنہیں النصر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
باسل نے کہا کہ دوسرے فضائی حملے میں بچوں سمیت 5 افراد شہید اور 22 کے قریب زخمی ہوئے، اس حملے میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے فہد الصباح اسکول کو نشانہ بنایا جو غزہ شہر کے الطفاہ ضلع میں ”ہزاروں بے گھر افراد“ کی پناہ گاہ میں تبدیل ہوگیا ہے۔
شہید اور زخمی ہونے والوں کو الاحلی عرب اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حالیہ مہینوں میں اسرائیل فوج نے متعدد اسکولوں کو نشانہ بنایا ہے ، اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ ان اسکولوں سے حماس اپنا نیٹ ورک چلارہی ہے۔