دوسرا ون ڈے: صائم ایوب کے 82 رنز کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے دی

08 نومبر 2024

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں صائم ایوب کے 82 اور عبداللہ شفیق کے ناقابل شکست 64 رنز کی بدولت رضوان الیون نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کردی۔

میزبان ٹیم کے 163 رنز کے جواب میں پاکستان نے 141 گیندوں قبل ایک وکٹ کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

اس فتح کے بعد اتوار کو پرتھ اسٹیڈیم میں سیریز کا فیصلہ کن میچ ہوگا۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا نے میلبرن میں کھیلے گئے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے کیا، دونوں اوپنرز نے اننگز کا آغاز سست روی سے کیا۔ اوپنر جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث پہلے 10 اوورز میں صرف 47 رنز ہی بناسکے۔

بعد ازاں صائم ایوب نے شاندار کھیل پیش کیا ، صائم ایوب نے کمنز کو ایک بڑا چھکا لگایا، اس کے بعد مچل اسٹارک کو بھی زور دار چھکا لگایا۔

صائم ایوب 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر زمپا کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ان کی باری میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

عبداللہ شفیق 64 رنز کی ناقابل شسکت اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے ان کی باری میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جبکہ سابق کپتان بابر اعظم نے چھکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا اور وہ 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ لیگ سپنر ایڈم زمپا نے حاصل کی، کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ جیسے سینئر فاسٹ باؤلر کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

دوسرے ون ڈے میں کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز جیک فریزر اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی پویلین لوٹا دیا۔

آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 18 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، مارنس لبوشین کو بھی حارث نے ہی پویلین کی راہ دکھائی۔

محمد حسنین نے آسٹریلیا کے سیٹ بیٹر اسٹیو اسمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ گلین میکسویل 16 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

ایرون ہارڈی کو حارث رؤف نے 13 کے انفرادی اسکور پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا جبکہ فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک صرف ایک رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر رضوان کو کیچ تھما بیٹھے، تاہم آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز حارث رؤف کا پانچواں شکار بنے، آسٹریلیا کی آخری وکٹ ایڈم زمپا کی گری وہ 18 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 5، شاہین آفریدی نے 3، محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں وکٹ کیپر رضوان نے چھ کیچ لیے۔

میچ کے بعد صائم ایوب نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ٹیم جیت گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مثبت رہنے کا منصوبہ بنایا تھا اور نتائج کے بارے میں نہیں سوچا تھا لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم ایک ٹیم کے طور پر کس طرح کھیلتے ہیں۔

اس کا سہرا حارث رؤف کو جاتا ہے لیکن دیگر باؤلرز نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ یہ ہمارے لئے برا دن تھا۔

پاکستان نے شاندار باولنگ کی جس کے باعث ہم بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔

Read Comments