نواز شریف اورعمران خان کو الیکشن کمیشن نے طلب کرلیا

04 نومبر 2024

الیکشن کمیشن نے دوسابق وزرائے اعظم عمران خان اور نواز شریف کوطلب کرلیا۔

ای سی پی کی کیس لسٹ سے عندیہ ملتا ہے کہ دونوں سیاسی شخصیات سے متعلق مقدمات کی سماعت منگل کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سال 2022 میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا زبان استعمال کرنے پر توہین عدالت کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین کو ثبوت ریکارڈ کرانے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

اسی طرح سابق وزیراعظم نواز شریف کو این اے 262 کوئٹہ سے رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کی نااہلی کی درخواست پر جواب جمع کرانے اور دلائل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آرٹیکل 63 اے پر مبنی درخواست بازئی کی جانب سے بجٹ اور 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے میں ناکامی سے متعلق ہے۔

نواز شریف نے 26 ویں آئینی ترمیم پر ووٹ نہ دینے پر رکن قومی اسمبلی عادل بازئی کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کو ریفرنس جمع کرا دیا ۔

جس کے جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا جس میں رکن قومی اسمبلی بازئی کو نااہل قرار دینے اور آرٹیکل 63 اے کے تحت ان کی نشست خالی کرنے کی درخواست کی گئی۔

Read Comments