وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے زبیر عیسیٰ کی سربراہی میں برطانیہ کی معروف کاروباری شخصیات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے اور بزنس ٹو بزنس تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے کاروباری اور تاجر برادری کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں حالیہ دنوں میں معیشت میں بہتری آئی ہے جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی۔
وفد کے ارکان نے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کو سراہا اور معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024