وزیراعظم شہبازشریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

28 اکتوبر 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وفد سے اہم ملاقات کی۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیپلزپارٹی کے وفد میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب شامل تھے جب کہ وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اعتراف کیا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی ایک اہم اتحادی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک میں اقتصادی استحکام لانے کے لیے حکومت کے ہر قدم کی حمایت کی ہے۔

پیپلز پارٹی کے وفد نے حکومت کی دانشمندانہ معاشی پالیسیوں کو سراہا جس سے ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے حکومت کی پالیسیوں اور اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جس کا وزیراعظم نے پرتپاک خیر مقدم کیا۔

Read Comments