ایران کی سرکاری خبر ایجنسی ارنا کے مطابق ملک کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی حکام کو اس بات کا تعین کرنا چاہئے کہ اسرائیل کے سامنے ایران کی طاقت کو کس طرح بہترین طریقے سے ظاہر کیا جائے۔ یہ بیان اسرائیل کی جانب سے 2 روز قبل ایران پر حملے کے بعد دیا گیا ہے۔
ارنا نے خامنہ ای کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت (اسرائیل) کی جانب سے دو رات قبل کی گئی مذموم کارروائی کو نہ تو نظر انداز کیا جانا چاہئے اور نہ ہی مبالغہ آرائی کی جانی چاہئے۔
ایران نے ہفتے کے روز اسرائیل کے رات کے فضائی حملے کو کم اہمیت دیتے ہوئے کہا کہ اس نے صرف محدود نقصان پہنچایا۔ اس دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر ایک مکمل تصادم کے خطرات کو کم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ متعدد اسرائیلی طیاروں نے تہران اور مغربی ایران کے قریب میزائل فیکٹریوں اور دیگر مقامات پر صبح سویرے تین حملے کیے ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران کو چاہئے کہ وہ اسرائیل کو اپنی طاقت دکھائے اور یہ حکام کی طرف سے طے کیا جانا چاہئے جو عوام اور ملک کے بہترین مفاد میں ہو۔