اسرائیل کے جارحانہ اقدامات کیخلاف دفاع کا حق رکھتے ہیں، ایرانی وزارتِ خارجہ

  • صیہونی حکومت کے غیر قانونی اقدامات اور جرائم خطے میں کشیدگی اور عدم تحفظ کی بنیادی وجوہات ہیں، تہران

ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف دفاع کا حق رکھتے ہیں۔

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے وزارت خارجہ کے حوالے سے کہا ہے کہ ایران اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا حق دار اور پابند ہے۔

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ایرانی فوج نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر اسرائیلی فضائی حملوں میں دو جوان جاں بحق ہوئے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج نے رات کے وقت اپنے دو فوجیوں کو اس وقت کھو دیا جب انہیں اپنے علاقے کے دفاع میں صیہونی حکومت کے میزائلوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ایرانی ائرفورس نے ہفتے کو کہا کہ ایران نے اپنے فضائی دفاع کے ذریعے اسرائیلی حملوں کو کامیابی سے ناکام بنادیا۔ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے کامیابی سے اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کیا۔

خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق ائر ڈیفنس سسٹم نے ان حملوں کو روکا اور ان کا مقابلہ کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ صیہونی حکومت کا مسلسل قبضہ، غیر قانونی اقدامات اور جرائم خاص طور پر فلسطینی عوام کی نسل کشی اور لبنان کے خلاف جارحیت جو امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کی جامع حمایت کی وجہ سے جاری ہے، خطے میں کشیدگی اور عدم تحفظ کی بنیادی وجوہات ہیں۔

یکم اکتوبر کو ایران کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملے پر اسرائیل کی جوابی کارروائی کے پیش نظر مشرق وسطیٰ میں کشیدگی عروج پر ہے جس میں اسرائیل پر 200 کے قریب بیلسٹک میزائل داغے گئے تھے، جو چھ ماہ میں اسرائیل پر ایران کا دوسرا براہ راست حملہ ہے۔

اسرائیلی دفاعی افواج نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کے خلاف کئی ماہ سے جاری حملوں کے جواب میں اس وقت اسرائیلی دفاعی افواج ایران میں فوجی اہداف پرحملے کر رہی ہیں۔

دریں اثنا پاکستان نے اپنے بیان میں کہا کہ موجودہ تنازع کے بڑھاوے اور کشیدگی کی مکمل ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔

پریس ریلیز میں عالمی برادری سے خطے میں امن و سلامتی بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔

Read Comments