اسٹاک مارکیٹ بلند سطح پر، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

  • جمعہ کو انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس پہلی بار ریکارڈ 90 ہزار کی سطح عبور کر گیا
اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مارچ 2024 سے اسٹاک مارکیٹ میں بتدریج اضافہ حکومتی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 سال بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سے اضافہ معاشی ٹیم کی انتھک کوششوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے مارچ 2024 سے اب تک اسٹاک مارکیٹ میں 36 فیصد اضافہ، افراط زر کی شرح میں نمایاں کمی اور ملک میں مجموعی معاشی استحکام کو معاشی ٹیم کی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ افراط زر کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 6.9 فیصد رہ گئی ہے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ بھی گزشتہ دو ماہ سے سرپلس میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سہ ماہی کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ریکارڈ 8.8 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجی تھیں۔

اسی طرح وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بجلی صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لئے انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 7 ارب ڈالر کی طویل مدتی سہولت سے معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لانے والوں کے خواب چکنا چور ہوگئے ہیں۔ ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ریاست کو بچایا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

جمعہ کو اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا ایک اور رحجان دیکھا گیا ہے جبکہ انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 90 ہزار کی ریکارڈ بلند ترین سطح بھی عبور کرگیا تھا تاہم اختتام پر انڈٰیکس اس بلند ترین سطح کے قریب بند ہوا۔

حالیہ ہفتوں کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں بہتری کا رجحان رہا ہے جس کی وجہ بہتر معاشی اشاریوں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے آئندہ اجلاس میں پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی کی توقعات ہیں۔

تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ شرح سود میں کم از کم 200 بیسس پوائنٹس کی کمی کا امکان ہے جس کی وجہ افراط زر کی رفتار میں کمی ہے۔

Read Comments