انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور سیریز کے فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سعود شکیل کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز نے 322 منٹ پر مشتمل اننگز میں 223 گیندوں پر بہترین انداز میں 134 رنز بناکر پاکستان کو اننگز کو آگے بڑھایا، ان کی اننگز میں صرف صرف پانچ شامل تھے۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 267 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ نے پہلا ٹیسٹ اننگز اور 47 رنز سے جیتا تھا پاکستان نے ملتان میں دوسرا ٹیسٹ 152 رنز سے جیت کر سیریز برابر کردی تھی۔
انگلینڈ کی جانب سے لیگ اسپنر ریحان احمد نے 66 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
29 سالہ شکیل نے آٹھویں وکٹ کے لیے نعمان علی کے ساتھ 88 رنز کی شراکت قائم کی جو چائے کے وقفے سے قبل 45 رنز بنانے کے بعد شعیب بشیر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
شکیل نے ساجد خان کے ساتھ نویں وکٹ کی شراکت میں مزید 72 رنز بنائے جنہوں نے کیریئر کی بہترین 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
شکیل آخر کار فاسٹ بولر گس ایٹکنسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ریحان احمد نے آخری کھلاڑی زاہد محمود کو آؤٹ کیا۔
مہمان ٹیم اس وقت میچ پر حاوی دکھائی دے رہی تھی جب نوجوان اسپنر ریحان احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں اور پہلے سیشن کے اختتام پر پاکستان شدید مشکلات سے دوچار کیا۔
ریحان احمد کی جانب سے مسلسل وکٹیں حاصل کیے جانے کے نتیجے میں پاکستان کی 7 وکٹیں 187 پر گرچکی تھیں جبکہ مہمان ٹیم کو برتری حاصل کرنے کی توقع تھی لیکن شکیل نعمان کی شراکت نے ان توقعات کو مایوسی میں بدل دیا۔
شکیل نے تحمل سے بیٹنگ کی اور مزاحمت سے بھرپور اننگز میں ریحان کی گیند پر اپنی چوتھی ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔
ریویو پر ایل بی ڈبلیو اور جوروٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ سے بچنے والے نعمان نے شکیل کا بھرپور ساتھ دیا اور انہوں نے ایک چھکے اور دو چوکے لگائے۔اس شراکت کی بدولت پاکستان نے دوسرے سیشن میں 80 رنز کا اضافہ کیا۔
ریحان احمد نے محمد رضوان (25)، سلمان آغا (ایک) اور عامر جمال (14) کو پویلین واپس بھیجا اور پاکستانی بیٹنگ لائن کیلئے خطرہ بنے رہے۔
انگلینڈ کے فرنٹ لائن اسپنرز جیک لیچ اور بشیر پچ سے اس طرح زیادہ ٹرن حاصل کرنے میں ناکام رہے جس طرح ان کے حریف ساجد خان نے 128 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے سیریز جیتنے کی کوشش میں دن کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز سے کیا تھا۔
لیکن شکیل واحد بلے باز تھے جو دوہرے ہندسے تک پہنچنے کے بعد اننگ جاری رکھنے میں کامیاب رہے۔