ترکیہ کی سرکاری ایوی ایشن کمپنی پر حملہ، 4 افراد جاں بحق، 14 زخمی

  • پاکستان مکمل یکجہتی کے ساتھ اپنے ترک بھائیوں کے ہمراہ ہے، وزیر اعظم شہباز شریف
اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2024

ترک حکومت کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز ترکیہ کی ایرو اسپیس انڈسٹریز کے ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے حملے میں چار افراد جاں بحق اور 14 دیگر زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے انقرہ کے قریب جائے وقوعہ پر فائرنگ اور زوردار دھماکے کی آوازیں سنی ہیں۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کہا ہے کہ دہشتگرد حملہ کرنے والے 2 حملہ آور مارے گئے ہیں اور زخمیوں میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ اس سے قبل نشریاتی اداروں نے مسلح حملہ آوروں کی ٹساس کی عمارت میں داخل ہونے کی فوٹیج نشر کی تھی۔

روسی شہر کازان میں برکس کانفرنس میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ہمراہ صدر رجب طیب اردوان نے بھی اسے دہشت گردا حملہ قرار دیا۔

دھماکے اور اس کے بعد ہونے والی فائرنگ کی وجوہات اور ذمہ داروں کے بارے میں ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ اب تک کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک خودکش حملہ ہوا ہے اور عمارت کے اندر متعدد افراد کو یرغمالی بھی بنایا گیا ہے تاہم حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔

عینی شاہدین نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ عمارت کے اندر موجود ملازمین کو حکام محفوظ مقامات کی طرف لے گئے ہیں اور کسی بھی چند گھںٹوں تک باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے جو دھماکے سنے وہ مختلف خارجی راستوں پر اس وقت ہوئے جب ملازمین کام کے بعد وہاں سے باہر نکل رہے تھے۔

نشریاتی اداروں نے ایک تباہ شدہ گیٹ کی تصاویر اور پارکنگ میں فائرنگ کے تبادلے کی فوٹیج دکھائی، جبکہ عمارت میں داخل ہوتے وقت حملہ آوروں کے پاس رائفلیں اور بیگ بھی دکھائے گئے۔ کچھ دیر بعد ایمبولینس اور ہیلی کاپٹر بھی جائے وقوعہ پر پہنچے۔

ٹوساس ترکیہ کا سب سے بڑا ایرو اسپیس مینوفیکچرر ہے، جو اس وقت تربیتی جہاز، لڑاکا اور سویلین ہیلی کاپٹر تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کا پہلا دیسی لڑاکا طیارہ ، کان تیار کر رہا ہے۔ ترک مسلح افواج فاؤنڈیشن اور حکومت کی زیر ملکیت اس میں 10،000 سے زیادہ افراد کام کرتے ہیں۔

”تباہ کن حملے کے باوجود نیٹو اپنے اتحادی ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے“

نیٹو کے سربراہ مارک روٹے نے حملے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز کے صدر دفتر پر ایک تباہ کن حملے کے دوران اپنے اتحادی ترکیہ کے ساتھ کھڑا ہے، ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز ترکیہ کی سب سے اہم دفاعی اور ہوائی فضائی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

روٹے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انقرہ میں شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات بہت تشویشناک ہیں، نیٹو اپنے اتحادی ترکیہ کے ساتھ ہے، ہم دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں اور پیشرفت کی بغور نگرانی کررہے ہیں۔

’پاکستان مکمل یکجہتی کے ساتھ ترک بھائیوں کے ہمراہ کھڑا ہے‘

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہیں انقرہ میں ہونے والے دہشتگرد حملے کا انتہائی افسوس ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں اپنے پیارے بھائی صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام سے دلی تعزیت کرتاہوں، پاکستان اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ میں اس بزدلانہ اقدام کی شدید مذمت کرتا ہوں اور متاثرین کے اہل خانہ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔

پیوٹن کی اردوان سے ملاقات، انقرہ میں ’دہشت گرد حملے‘ پر تعزیت کا اظہار

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے بدھ کے روز کازان میں برکس سربراہ اجلاس میں ترک ہم منصب رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور انقرہ کے قریب ایک دفاعی کمپنی پر مہلک حملے پر تعزیت کا اظہار کیا۔

پیوٹن نے ترک رہنما کے ساتھ بات چیت کے آغاز پر کہا کہ ہم آپ کو کازان میں خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوش ہیں، لیکن اپنا کام شروع کرنے سے پہلے میں دہشت گرد حملے کے سلسلے میں اپنی تعزیت کا اظہار کرنا چاہتا ہوں۔

Read Comments