عمران خان آکسفورڈ چانسلر بننے کی دوڑ سے باہر

16 اکتوبر 2024

برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی نے کہا ہے کہ 38 امیدوار اس کے آئندہ چانسلر منتخب ہونے کی دوڑ میں شامل ہیں تاہم پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کا نام اس فہرست میں شامل نہیں۔ عمران خان کی پارٹی نے دعویٰ کر رکھا ہے کہ انہوں نے آکسفورڈ کا چانسلر بننے کی درخواست دی ہے۔

یہ امیدوار ہانگ کانگ کے سابق گورنر کرس پیٹن کی جگہ لینے کی دوڑ میں شامل ہیں جنہوں نے 21 سال بعد جون میں استعفیٰ دے دیا تھا۔ یہ رسمی عہدہ 1224 برس سے مختلف شخصیات کو دیا جارہا ہے۔

ان کی جگہ لینے والے اہم ناموں میں کنزرویٹو پارٹی کے سابق رہنما اور وزیر خارجہ ولیم ہیگ، لیبر پارٹی کے یورپی یونین کے سابق ٹریڈ کمشنر پیٹر مینڈلسن اور سابق اٹارنی جنرل ڈومینک گریو شامل ہیں۔

سکاٹ لینڈ کی وکیل ایلیش اینجیولینی 800 سال میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون بننے کیلئے پر امید ہیں جو 2021 میں لندن پولیس کے ایک افسر کے ہاتھوں 33 سالہ مارکیٹنگ ایگزیکٹو سارہ ایورڈ کے ریپ، اغوا اور قتل کی ہائی پروفائل تحقیقات کا مرکزی کردار تھیں۔

اینگولینی اس وقت آکسفورڈ کے سینٹ ہیوز کالج کی پرنسپل ہیں جس کے سابق طالب علموں میں برطانیہ کی سابق وزیر اعظم تھریسا مے اور میانمار کی جمہوری رہنما آنگ سان سوچی شامل ہیں۔

آکسفورڈ کے ایک اور پرنسپل جان رائل بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔ وہ سابق لیبر رہنما نیل کینوک کی سابق مشیر ہیں اور ہاؤس آف لارڈز کی رہنما تھیں۔

اگست میں، لندن میں مقیم تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم نے ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنی درخواست جمع کرانا چاہتے ہیں۔

2018 سے 2022 تک وزیر اعظم رہنے والے عمران خان بدعنوانی سے لے کر تشدد پر اکسانے تک کے مختلف الزامات میں ایک سال سے زائد عرصہ جیل میں گزار چکے ہیں تاہم عمران خان کا کہناہے کہ ان پر مقدمات کے سیاسی محرکات ہیں جس کا مقصد انہیں اقتدار سے دور رکھنا ہے۔

عمران خان نے فلسفہ، سیاست اور معاشیات کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1975 میں آکسفورڈ سے گریجویشن مکمل کی اور سیاست میں آنے سے پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بہترین کپتان بھی رہے۔

یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ درخواستوں پر “ اخراج کے 4 معیارات“ پر غور کیا گیا جو ان افراد کو اس عہدے کیلئے نا اہل قرار دیا جاتا ہے جنہیں برطانوی ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے مناسب اور موزوں شخص نہیں سمجھا جاتا ہے۔

ووٹنگ کے 2 مراحل کے بعد نئے چانسلر کا اعلان 25 نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے کو کیا جائے گا۔چانسلر یونیورسٹی کا ٹائٹلر ہیڈ ہوتا ہے اور کئی اہم تقریبات کی صدارت کرتا ہے۔ وہ وکالت، مشاورت اور فنڈ ریزنگ کی سرگرمیاں بھی سر انجام دیتا ہے۔

نئے چانسلر کی مدت مقررہ ہوگی جو یونیورسٹی کے قوانین میں ترمیم کے بعد 10 سال سے زیادہ نہیں ہوگی۔

Read Comments