شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کے منگل کو شروع ہونے کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے، ریڈ زون کی طرف جانے والی تمام سڑکیں، دکانیں اور ہوٹل بند ہیں جس سے شہر میں زندگی مکمل طور پر ٹھپ ہو کررہ گئی ہے۔
پولیس، نیم فوجی دستوں اور رینجرز سمیت 12 ہزار 674 سے زائد اہلکار شہر کی تین سطحوں کی حفاظت پر تعینات کیے گئے ہیں۔6 ہزار 963 پولیس اہلکار، 1500 فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اہلکار، 850 سندھ پولیس اور 361 رینجرز اہلکار اہم مقامات پر تعینات ہیں۔
سمٹ کے دوران سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ریڈ زون کے ساتھ ساتھ شہر کی طرف جانے والی تمام اہم سڑکوں کو کنکریٹ بلاکس کے ساتھ مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
حکام نے بنی گالہ میں پارک روڈ، کلب روڈ سے راول ڈیم چوک، فیض آباد انٹرچینج پر فیصل ایونیو، اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے، جی ٹی روڈ اور سیکٹر آئی 18، آئی 10 اور آئی 9 کو ملانے والے تمام پوائنٹس بند کردیے ہیں۔
مزید برآں انہوں نے بھارہ کہو سے مری روڈ تک سڑکیں بند کردیں، جی ٹی روڈ سے مارگلہ روڈ کا داخلی و خارجی راستہ اور آئی جے پی روڈ کے دونوں اطراف نائنتھ ایونیو کو بھی بند کردیا ہے۔ فیض حق روڈ، جناح ایونیو، ایمبیسی روڈ اور ریڈ زون کی طرف جانے والی کچھ دیگر سڑکیں بھی بند رہیں۔
انتظامیہ نے اس سے قبل اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے عوامی اجتماعات، ڈبل سواری، شادی ہالز اور ریستورنٹس کو بند کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔
انتظامیہ نے پہلے ہی اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔
انتظامیہ نے شہر کی تمام مارکیٹوں کو بھی بند کردیا ہے اور حفاظتی اقدامات کے تحت صرف میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کھلی رکھی ہیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جڑواں شہروں کے رہائشیوں اور موٹر سائیکل سواروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ آئی ٹی پی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے دوران ٹریفک کی ہموار روانی کو یقینی بنانے کے لئے 1100 ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا ہے۔
آئی ٹی پی نے اسلام آباد سے راولپنڈی براستہ مارگلہ روڈ جانے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ نائنتھ ایونیو استعمال کریں کیونکہ فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ تک ٹریفک کا رخ نائنتھ ایونیو کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
دریں اثنا سٹی پولیس نے جرائم پیشہ گروہوں پر قابو پانے کے لئے سنبل پولیس اسٹیشن کی حدود میں سرچ آپریشن کیا۔
آپریشن میں لیڈی پولیس سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ آپریشن کے دوران پولیس نے 190 مشتبہ افراد، 140 گھروں، دکانوں، اور ہوٹلوں کی چیکنگ کی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد نے شہر بھر میں سرچ آپریشن کے احکامات جاری کئے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024