تنازع نہیں ، لبنان کے حل کا خواہاں ہیں، انٹونی بلنکن

11 اکتوبر 2024

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جمعہ کو لبنان میں سفارتی حل اور وسیع تر تنازعے کو روکنے کی امید کا اظہار کیا۔

امریکی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر کہا کہ اسرائیل، جو لبنان پر مہلک حملے کررہا ہے، حزب اللہ کے خلاف اپنا دفاع کرنے کا حق رکھتا ہے، لیکن انہوں نے انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

لاؤس میں ایسٹ ایشیا سمٹ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلنکن نے کہا کہ ہم خطے میں وسیع تر تنازعات کو روکنے کے لیے شدت سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ایک ایسا ماحول پیدا کرنے میں مدد کرنے میں گہری دلچسپی ہے جس میں لوگ اپنے گھروں کو واپس جا سکیں۔

اس لیے اسرائیل کا اس معاملے میں واضح اور بالکل جائز مفاد ہے۔ لبنان کے لوگ بھی یہی چاہتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ وہاں تک پہنچنے کا بہترین طریقہ سفارتی مفاہمت ہے، جس پر ہم کچھ وقت سے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کمزور لبنانی ریاست کی حمایت کے لیے کام کرے گا تاکہ وہ حزب اللہ کے طویل عرصے سے چلنے والے اثر و رسوخ کے بعد خود کو سنبھال سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ غزہ میں انسانی صورتحال پر براہ راست اسرائیل سے تشویش کا اظہار کررہا ہے۔

بلنکن نے کہا کہ مجھے ان کو ملنے والی امداد کی عدم دستیابی پر حقیقی تشویش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اس موضوع پر اسرائیل کے ساتھ براہ راست بات چیت کر رہا ہے۔

Read Comments