پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، خوراک، تعلیم، کان کنی اور معدنیات، صحت، پٹرولیم، توانائی اور باہمی تعاون کے دیگر شعبوں میں 2.2 ارب ڈالر مالیت کی 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح اور چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کے ہمراہ مفاہمتی یادداشتوں کی دستخط شدہ کاپیوں کا تبادلہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سعودی کاروباری وفد کا دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کے عوام کے لیے انتہائی خلوص اور محبت کا حقیقی مظہر ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج کی تقریب آنے والے وقتوں میں اس طرح کے مزید واقعات کا باعث بنے گی۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے ان ایم او یوز پر عمل درآمد اور مستقبل میں سخت محنت اور انتھک کوششوں کے ذریعے انہیں معاہدوں میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں ہمارے سعودی بھائیوں نے سعودی معیشت کو فروغ دینے کے لئے قابل ذکر کام کیا ہے اور یہاں ان کی موجودگی سے ہم دوطرفہ سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کو فروغ دینے کے لئے ان کا مکمل تعاون حاصل کریں گے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں سعودی عرب اور پاکستان میں اس طرح کی مزید تقریبات منعقد ہوں گی۔ انہوں نے سعودی وفد کو یقین دلایا کہ دستخط شدہ ایم او یوز کو مکمل طور پر عملی جامہ پہنایا جائے گا اور ان پر عمل درآمد کے عمل میں کوئی تاخیر یا ریڈ ٹیپ نہیں کی جائے گی۔