وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ملک میں پائیدار ترقی کے لئے تمام معاشی اشاریے مثبت نمو دکھا رہے ہیں۔ وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں بہتری دکھائی دے رہی ہے، شرح سود میں کمی اور افراط زر میں زبردست کمی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کا استحکام حاصل ہوا ہے اور اسٹاک ایکسچینج دیگر عالمی اور علاقائی مارکیٹوں کے مقابلے میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کے دورے، سعودی بزنس کمیشن اور شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس مقامی معیشت کے لیے مثبت اشارے ہیں۔
جام کمال خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کردار نہ صرف حوصلہ شکنی کا باعث ہے بلکہ ملک کے لیے بھی برا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے وعدے اور مندوبین باقاعدگی سے پاکستان آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کی بہتری اور ترقی کے لئے نجکاری، ایف بی آر اصلاحات، کاروبار میں آسانی اور ایگزم بینک کا قیام اسمال میڈیم انٹرپرائز (ایس ایم ای) سیکٹر کے اہم ہے۔
وزیر تجارت نے کہا کہ ایکسپوز میں غیر ملکی کاروباری اداروں کی تاریخی شرکت حکومت کی کارکردگی پر اعتماد کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب توانائی کی قیمتوں کا چیلنج جلد حل ہوجائے گا اور بہتر صنعتی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔