ایرانی حملے کا جواب دینے کی تیاری کر رہے ہیں، اسرائیلی فوجی عہدیدار

05 اکتوبر 2024

ایک اسرائیلی عہدیدار نے ہفتے کے روز اے ایف پی کو بتایا ہے کہ فوج اس ہفتے کے اوائل میں اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے کا جواب دینے کی تیاری کر رہی ہے۔

فوجی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آئی ڈی ایف (اسرائیلی فوج) اسرائیلی شہریوں اور اسرائیل پر غیر معمولی اور غیر قانونی ایرانی حملے کا جواب دینے کی تیاری کر رہی ہے۔

انہوں نے جواب کی نوعیت یا وقت کے بارے میں تفصیل سے نہیں بتایا۔

اسرائیل کے بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے اخبار ہارٹز نے فوج کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فوج کا ردعمل ’اہم‘ ہوگا۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق آئی ڈی ایف اس ہفتے تہران سے میزائل حملے کے بعد ایران میں ایک اہم حملے کی تیاری کر رہی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فوج اس امکان کو مسترد نہیں کرتی کہ اسرائیلی حملے کے بعد ایران دوبارہ اسرائیلی علاقے پر میزائل داغ سکتا ہے۔

یکم اکتوبر کو ایران نے اسرائیل پر تقریبا 200 میزائل داغے جو چھ ماہ سے بھی کم عرصے میں اسرائیل پر اس کا دوسرا براہ راست حملہ تھا۔

بیشتر میزائلوں کو اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام نے روکا جبکہ کچھ نے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا لیکن ان سے کوئی بڑا نقصان یا جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایران نے کہا ہے کہ یہ میزائل حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے داغے گئے ہیں جو 27 ستمبر کو لبنان کے دارالحکومت میں اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک مارے گئے تھے۔

ایران کا میزائل حملہ حماس کے سابق سیاسی سربراہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کے جواب میں بھی کیا گیا تھا جو 31 جولائی کو تہران میں نشانہ بنے تھے۔

ایران اور حماس دونوں ہی ہانیہ کے قتل کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہیں۔ اسرائیل نے ان کی موت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

Read Comments