ایمریٹس نے ’علاقائی کشیدگی‘ کے باعث ایران، عراق اور اردن کیلئے پروازیں روک دیں

03 اکتوبر 2024

متحدہ عرب امارات (ایمریٹس) نے اسرائیل پر ایرانی میزائل حملے کے بعد وسیع پیمانے پر جنگ کے خدشے کے پیش نظر عراق، ایران اور اردن کے لیے پروازیں تین روز کے لیے منسوخ کر دی ہیں۔

ایمریٹس ایئر لائن نے 4 اور 5 اکتوبر کو علاقائی بدامنی کی وجہ سے عراق (بصرہ اور بغداد)، ایران (تہران) اور اردن (عمان) کیلئے اور وہاں آنے والی تمام پروازیں فوری طور پر منسوخ کردی ہیں۔

مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی ایئر لائن نے اس سے قبل دبئی اور بیروت کے درمیان پروازیں 8 اکتوبر تک منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

قطر ایئرویز نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے عراق، ایران اور لبنان سے آنے اور جانے والی پروازوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔

منگل کے روز جرمن ایئر لائن گروپ لفتھانسا نے کہا تھا کہ وہ بیروت کے لیے 30 نومبر تک کی پروازیں معطل کر رہا ہے۔

لفتھانسا گروپ کی تل ابیب جانے والی پروازیں 31 اکتوبر تک منسوخ رہیں گی جبکہ تہران کے دورے 14 اکتوبر تک بند رہیں گے۔

منگل کے روز ایران نے اسرائیل کی جانب ہائپرسونک ہتھیاروں سمیت تقریبا 200 میزائل داغے جن میں سے کچھ اردن اور عراق کی فضائی حدود سے گزرے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے زیادہ تر میزائلوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

Read Comments