انٹر بینک مارکیٹ میں پیر کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروبار کے اختتام پر امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 0.07 روپے کی کمی کے ساتھ 277.71 روپے پر بند ہوا۔
گزشتہ ہفتے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 0.20 روپے یا 0.07 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق گزشتہ ہفتے ڈالر 277.64 پر بند ہوا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 760 ملین ڈالر کی خصوصی ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) کی پہلی قسط موصول ہوئی جو 1.03 ارب ڈالر کے مساوی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا تازہ معاہدہ پاکستان کا حتمی معاہدہ بنانے کیلئے معیشت کے ’ڈی این اے‘ کو بنیادی طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو اصلاحات کے حصے کے طور پر نقدی پر مبنی معیشت کے خلاف ”جوہری جنگ“ کا اعلان کرنا چاہئے۔
عالمی سطح پر امریکی ڈالر اجناس کی کرنسیوں کے مقابلے میں تنزلی کی جانب گامزن ہے جس کی وجہ سرمایہ کاروں کی چین کی معیشت میں تبدیلی کی توقعات ہیں۔
گزشتہ ہفتے امریکی فیڈرل ریزرو کے پسندیدہ افراط زر کے اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگست تک 12 ماہ کے دوران افراط زر کی شرح 2.2 فیصد رہی جس سے امریکی پیداوار اور ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔