راولپنڈی انتظامیہ نے عدلیہ سے متعلق متنازع آئینی ترامیم کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیاقت باغ میں ہونے والے احتجاج سے قبل کنٹینرز لگا دیے۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں کو جلسہ گاہ تک پہنچنے سے روکنے کے لیے شہر اور ملحقہ علاقوں میں مختلف مقامات پر ہزاروں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے قائم مقام صدر حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی راولپنڈی میں بڑا جلسہ کرے گی۔ انہوں نے حامیوں سے کہا کہ وہ وقت پر جلسہ گاہ پہنچ جائیں۔
ان کے احتجاج سے قبل پنجاب حکومت نے راولپنڈی ڈویژن میں دو روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی۔
نوٹیفکیشن میں تمام سیاسی اجتماعات، دھرنوں، ریلیوں، مظاہروں اور اسی طرح کی سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ایک متعلقہ پیشرفت کے طور پر ،جمعے کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مجوزہ آئینی ترامیم کے خلاف سپریم کورٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔احتجاج میں پی ٹی آئی کے سینئر وکلا سلمان اکرم راجہ، شعیب شاہین، لطیف کھوسہ، اعظم سواتی اور نیاز اللہ نیازی سمیت دیگر نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ امید کی واحد کرن ہے لیکن حکومت اس کے اختیارات ختم کرنا چاہتی ہے۔
نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وکلاء حکومت کے مجوزہ آئینی پیکج بالخصوص اضافی آئینی عدالتوں کے قیام کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئینی عدالتیں پہلے ہی موجود ہیں اور پی ٹی آئی مزید عدالتوں کے قیام کی مخالفت کرتی ہے۔