طالبان انتظامیہ نے برکس گروپ میں شمولیت کی خواہش ظاہر کردی

25 ستمبر 2024

افغانستان کی طالبان حکومت نے برکس اقتصادی فورم میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی ہے۔ روس میں برکس اقتصادی فورم کے اجلاس سے قبل طالبان ترجمان نے بیان دیاہے کہ ان کی حکومت برکس میں شامل ہونا چاہتی ہے۔

ابھرتی ہوئی معیشتوں کے سربراہی اجلاس جس میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ شامل ہیں، 22 اور 24 اکتوبر کو جنوب مغربی روسی شہر کازان میں ہوں گے۔

طالبان حکومت کے نائب ترجمان حمد اللہ فطرات نے کہاکہ بڑے وسائل والے ممالک اور دنیا کی سب سے بڑی معیشتیں خاص طور پر روس، بھارت اور چین برکس فورم سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال ہمارے ان کے ساتھ اچھے اقتصادی اور دو طرفہ تجارتی تعلقات ہیں، ہم اپنے تعلقات کو وسعت دینے اور برکس کے اقتصادی فورمز میں حصہ لینے کے خواہاں ہیں۔

طالبان حکومت کو کسی بھی ملک نے باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے لیکن چین اور روس سمیت برکس کے بانی ممالک کے ساتھ ان کے تعلقات بڑھ رہے ہیں۔

اس گروپ نے، جس میں حال ہی میں ایران، متحدہ عرب امارات، مصر اور ایتھوپیا شامل ہیں، طالبان حکومت کے بیانات پر عوامی طور پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

افغانستان کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے بدھ کے روز اے ایف پی کو بتایا کہ انہیں ابھی تک اس تقریب میں شرکت کی دعوت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔

ماسکو اور بیجنگ دونوں نے افغانستان میں تجارتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے اور دولت اسلامیہ خراسان کے خلاف لڑائی میں طالبان حکام کے ساتھ تعاون کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔

Read Comments