حیفہ کے قریب اسرائیلی اڈے اور فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا، حزب اللہ

  • حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں رافیل ملٹری انڈسٹری کمپلیکس پر درجنوں کٹیوشا، فادی-1 اور فادی-2 راکٹوں سے بمباری کی
22 ستمبر 2024

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے اتوار کے روز جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد شمالی اسرائیل میں فوجی تنصیبات اور ایک فضائی اڈے کو نشانہ بنایا۔

ایران کے حمایت یافتہ لبنانی گروپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کے شمالی شہر حیفہ کے علاقے میں راکٹ حملے اس ہفتے اسرائیلی حملوں کے جواب میں کیے گئے تھے۔

حزب اللہ نے منگل اور بدھ کے روز پیجرز اور دو طرفہ ریڈیو کے دھماکوں کے ”ابتدائی ردعمل میں“ شمالی اسرائیل میں رافیل ملٹری انڈسٹری کمپلیکس پر ”درجنوں“ کٹیوشا، فادی -1 اور فادی -2 راکٹوں سے بمباری کی۔

حزب اللہ نے یہ بھی کہا کہ لبنان میں شہری ہلاکتوں کے جواب میں اس نے سرحد سے تقریبا 45 کلومیٹر (28 میل) کے فاصلے پر واقع ”رامت ڈیوڈ بیس اور ہوائی اڈے“ کو رات میں دو بار ”درجنوں“ فادی -1 اور فادی -2 راکٹوں سے نشانہ بنایا۔

رمت ڈیوڈ کا مقام اسرائیلی علاقے کے اندر سب سے طویل فاصلے پر موجود مقام ہے جس کے بارے میں گروپ کا کہنا ہے کہ اس نے تقریبا ایک سال کے دوران سرحد پار چھڑپوں میں نشانہ بنایا ہے۔

حالیہ مہینوں میں حزب اللہ کی جانب سے جاری کی جانے والی ڈرون فوٹیج میں ایئر بیس اور رافیل سائٹ دونوں ہی نظر آئے، ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تنازعے میں اضافے کی صورت میں یہ گروپ کے ممکنہ ہدف میں شامل ہوسکتے ہیں ۔

حزب اللہ نے اتحادی حماس کی حمایت میں سرحد پار حملے شروع کیے، جس کے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے نے غزہ جنگ کا آغاز کیا تھا، لیکن عام طور پر کہا جاتا ہے کہ اس نے سرحد کے قریب ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح لبنان سے 100 سے زائد میزائل داغے گئے اور فائر سروسز گرنے والے گولہ بارود کی وجہ سے لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ وہ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی علاقے میں فائرنگ کی تیاریوں کی نشاندہی کے بعد جنوبی لبنان میں بڑے پیمانے پر حملے کر رہی ہے۔

اس نے یہ بھی کہا تھا کہ اس کے طیاروں نے ”ہزاروں لانچر بیرل کو نشانہ بنایا جو اسرائیلی علاقے کی طرف فائر کرنے کے لئے فوری استعمال کے لئے تیار تھے“۔

Read Comments