چین میں طوفان سے نمٹنے کی تیاری، شنگھائی میں پروازیں معطل

اپ ڈیٹ 15 ستمبر 2024

شنگھائی کے دو اہم ہوائی اڈوں پر اتوار کے روز تمام پروازیں منسوخ کردی گئیں کیونکہ چین کے میگاسٹی میں حکام تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے ساتھ آنے والے تیز طوفان کے لئے تیار ہیں۔

بیجنگ کی ہنگامی انتظامیہ کی وزارت کے مطابق سمندری طوفان بیبنکا کے اتوار کی رات سے پیر کی صبح تک چین کے گنجان آباد مشرقی ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے خبر دی ہے کہ طوفان کی وجہ سے شنگھائی کے دو اہم ہوائی اڈوں پر تمام پروازیں اتوار کی رات آٹھ بجے سے منسوخ کردی جائیں گی۔

سی سی ٹی وی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بیبنکا سے متاثر ہونے والے شنگھائی کے پڈونگ اور ہانگ کیاو ہوائی اڈوں کی ٹریفک کی گنجائش میں آج کمی واقع ہوئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ طوفان کے اثرات کے مطابق دونوں اہم ہوائی اڈوں پر فلائٹ ایڈجسٹمنٹ فوری طور پر عوام کے لیے جاری کی جائیں گی۔

ہنگامی انتظام کی وزارت نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ بیبنکا اتوار سے منگل کے درمیان ”شدید سے انتہائی موسلا دھار بارشوں“ کا باعث بنے گا جن میں ”مقامی طور پر انتہائی شدید بارشوں“ کا امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حکام نے ہفتے کے روز ایک اجلاس منعقد کیا جس میں اہم علاقوں میں سیلاب اور طوفان پر قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور آلات کی تعیناتی بھی کی گئی۔

بیبنکا ممکنہ طور پر وسط خزاں کے تہوار کی عوامی تعطیل کے دوران ٹکرا سکتا ہے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق چین کے ریلوے آپریٹر کو توقع ہے کہ تعطیلات کے دوران کروڑوں کی تعداد میں شہریوں کی جانب سے آمدو رفت متوقع ہے۔

ہنگامی انتظام کی وزارت نے کہا کہ حکام کو طوفان سے متعلق پیشرفت پر گہری نگاہ رکھنی چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے لوگ سفر کریں گے، نقل و حرکت زیادہ ہوگی اور حفاظتی خطرات بہت زیادہ ہوں گے۔

ژنہوا کے مطابق وزارت آبی وسائل نے شنگھائی اور جیانگسو، ژی جیانگ اور انہوئی صوبوں میں سیلاب سے متعلق ہفتے کے روز چوتھے درجے ہنگامی اقدامات شروع کردیے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز شنگھائی کے متعدد اضلاع اور قریبی صوبوں کے علاقوں کے لیے ”اورنج ٹائیفون وارننگ“ جاری کی جو چار درجے کے نظام میں دوسرا سب سے بلند درجہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ لوگ بڑی تعداد میں جمع ہونے سے گریز کریں، کشتیاں بندرگاہ سے واپس آجائیں اور تیز ہواؤں کے خلاف خستہ حال ڈھانچے کو مضبوط کیا جائے۔

شنگھائی میونسپل حکام نے اتوار کے روز رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ اونچائی پر کام، نقل و حمل، بنیادی ڈھانچے اور زراعت پر طوفان کے مضر اثرات سے بچنے کے لئے ٹھوس کوششیں اپنائیں۔

میونسپل پورٹ اینڈ شپنگ ڈیولپمنٹ سینٹر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ایک سرکاری بیان کے مطابق اتوار سے شنگھائی میں مسافر شپنگ لائنیں بھی معطل کردی جائیں گی۔

تباہی کا سلسلہ

چین دنیا میں سب سے زیادہ گرین ہاؤس گیسز خارج کرنے والا ملک ہے، جنہیں سائنس دانوں کے مطابق، موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب سمجھا جاتا ہے اور یہ انتہائی موسمی واقعات کو زیادہ کثرت اور شدت سے رونما کر رہے ہیں۔

موسمیاتی حکام کے مطابق رواں ماہ چین کے جنوبی ہینان جزیرے سے طوفان ، یگی، گزرنے کے دوران کم از کم چار افراد ہلاک اور 95 ہوئے تھے۔بیبنکا جاپان کے اماامی جزیرے سے گزشتہ شب گزرا ہے جس کی رفتار 198 کلومیٹر (123 میل) فی گھنٹہ تک تھی، جاپان کے موسمیاتی ادارے نے شدید بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کی وارننگ دی۔

یہ طوفان جمعہ کو وسطی اور جنوبی فلپائن سے بھی ٹکرا گیا۔

فلپائن کے حکام نے بتایا کہ طوفان کے سبب تیزا ہواؤں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے جبکہ طوفان سے آندھی اور سیلاب بھی آئے ہیں۔

Read Comments