امارات کی ثالثی میں معاہدہ، یوکرین، روس میں 206 جنگی قیدیوں کا تبادلہ

14 ستمبر 2024

روس نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ اس نے متحدہ عرب امارات کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت یوکرین کے 103 جنگی قیدیوں کو رہا کیا ہے جبکہ بدلے میں اتنی ہی تعداد میں یوکرین سے روسی قیدی رہا کیے گئے ہیں۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والے تبادلے میں رہا ہونے والے روسی فوجیوں کو یوکرین کی جانب سے کرسک کے علاقے میں دراندازی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا جو 6 اگست کو شروع ہوئی تھی۔

یوکرین کی جانب سے فوری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی عمل کے نتیجے میں کرسک کے علاقے میں پکڑے گئے 103 روسی فوجیوں کو کیف حکومت کے زیر کنٹرول علاقے سے واپس بھیج دیا گیا۔

انہوں نے بتایاکہ اس کے بدلے میں یوکرین کے 103 جنگی قیدیوں کو ان کے حوالے کر دیا گیا۔

وزارت دفاع نے مزید کہاکہ اس وقت تمام روسی فوجی جمہوریہ بیلاروس کی سرزمین پر ہیں جہاں انہیں ضروری نفسیاتی اور طبی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے رشتہ داروں سے رابطہ کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

جاری جنگ کے باوجود روس اور یوکرین ڈھائی سال کے تنازع کے دوران سیکڑوں قیدیوں کے تبادلے میں کامیاب رہے ہیں جس کیلئے بیشتر معاہدے متحدہ عرب امارات ، سعودی عرب یا ترکی کی ثالثی میں ہوئے ہیں۔

روس کی جانب سے تازہ اعلان روس اور یوکرین کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی ثالثی میں ہونے والے تبادلے کے معاہدے کے تحت 115 جنگی قیدیوں کی رہائی کے محض تین ہفتے بعد سامنے آیا ہے۔

Read Comments