وزارت خزانہ نے کفایت شعاری کے اقدامات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں وفاقی حکومت کے اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام اقسام کی گاڑیوں کی خریداری، مشینری/ آلات کی خریداری اور نئے عہدوں کی تخلیق پر پابندی شامل ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کے 27 اگست 2024 کے فیصلے کی تعمیل میں، درج ذیل کفایت شعاری کے اقدامات تا حکم ثانی نافذ کیے جا رہے ہیں۔
موجودہ بجٹ کے سلسلے میں درج ذیل اخراجات پر مکمل پابندی ہوگی ۔ (اے) آپریشنل گاڑیوں جیسے ایمبولینس اور دیگر طبی طور پر لیس گاڑیوں، آگ بجھانے والی گاڑیوں، تعلیمی اداروں کے لئے بسیں اور وین، ٹھوس فضلہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کے علاوہ ہر قسم کی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی ہوگی؛(بی) مشینری/آلات کی خریداری پر پابندی ہوگی، سوائے ان کے جو اسپتالوں/لیبارٹریز/زراعت/معدنیات/اسکولوں کے لیے ضروری ہوں؛ (سی) نئے عہدوں کی تخلیق بشمول عارضی/کنٹینجنٹ عہدوں پر پابندی ہوگی۔ (ڈی) ایک سال سے زیادہ عارضی عہدوں کو جاری رکھنا؛ ای) سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج؛ اور (ایف) بیرون ملک تمام غیر ضروری دورے جہاں حکومت پاکستان کی فنڈنگ شامل ہو۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے 28 فروری 2023 کو جاری کردہ کفایت شعاری کے اقدامات نافذ العمل رہیں گے جب تک کہ انہیں وفاقی کابینہ کی جانب سے تبدیل یا منسوخ نہیں کیا جاتا۔
پچھلے تین سال سے خالی پڑے تمام عہدے ختم کر دیے جائیں گے۔ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت فنڈ کیے گئے منصوبوں کے لیے پائیدار اشیاء کی خریداری اور عہدوں کی تخلیق اس پابندی کے اطلاق سے مستثنیٰ ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام وزارتوں اور ڈویژنز سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ مذکورہ ہدایات کو اپنے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام محکموں تک پہنچائیں تاکہ ان پر سختی سے عمل درآمد کیا جا سکے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024